جرمن باشندے نے جسم میں 516 تبدیلیاں کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیا

ویب ڈیسک  پير 26 اکتوبر 2020
60 سالہ رولف بوکوز نے گزشتہ 20 برس میں اپنے جسم پر 516 مرتبہ تبدیلیاں کروائی ہیں اور اب وہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی فہرست میں بھی شامل ہیں۔ فوٹو: گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ

60 سالہ رولف بوکوز نے گزشتہ 20 برس میں اپنے جسم پر 516 مرتبہ تبدیلیاں کروائی ہیں اور اب وہ گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی فہرست میں بھی شامل ہیں۔ فوٹو: گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ

کولون جرمنی: مشہورہونے کا جنون ہر فرد کو ہوتا ہے اور ایک جرمن شخص نے اس کے لیے تمام حدود کو عبور کرلیا ہے۔ وہ اب تک جسمانی ظاہری تبدیلی کے 500 زائد عمل سے گزرچکے ہیں۔

رولف بوکوز نے 40 سال کی عمر میں اپنے جسم پر پہلا ٹیٹو بنوایا اور اس کے بعد سے اب تک وہ جسم کے کئی حصوں کو چھدواچکے ہیں۔ انہوں نے پورے جسم پر کئی ٹیٹو بھی گُدوائے ہیں اور جلد کے نیچے پیوند بھی لگائے ہیں۔ اب تک ان کی تعداد 516 ہوچکی ہے لیکن وہ اب تک غیرمطمیئن ہیں اور مزید ایسے ہی عمل سے گزرنا چاہتے ہیں۔ یہاں تک کہ انہوں نے سر کے اندر نوکیلے ابھار لگواکر انہیں سینگوں کی شکل بھی دی ہے۔

اس عمل سے گزرنے کے بعد وہ جسمانی تبدیلیوں کا عالمی ریکارڈ قائم کرچکے ہیں۔ چند برس قبل جب جسمانی تبدیلیوں کے آپریشن کی تعداد 453 تک پہنچی تھی تب ہی گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ میں ان کا نام آچکا تھا۔ انہوں ںے اپنے ہونٹوں کے اطراف 158 آپریشن کروائے ہیں جن میں ہونٹ چِھدوانے کا عمل سرِ فہرست ہے۔

2014 میں وہ دبئی کے سفر پر گئے جہاں ان کے حلیے کو دیکھ کر انہیں روک دیا تھا۔ حکام کا خیال تھا کہ وہ کوئی جادوگر یا سفلی علوم کے ماہر ہیں اور بہت مشکل سے ہی وہ شہر میں داخل ہوسکے تھے۔ تاہم 60 سالہ رولف اب بھی بہت سے آپریشن کروانا چاہتے ہیں کیونکہ وہ خود میں کمی محسوس کرتے ہیں۔

حال ہی میں انہوں نے اپنی آنکھوں کو سیاہ کروایا ہے ۔ مجموعی طور رولف خود کو تبدیل کرنے پر دسیوں لاکھوں روپیہ خرچ کرچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔