پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ، عاطف نے کے آر ایل کی 6 وکٹیں اڑادیں

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 22 دسمبر 2013
قائد اعظم ٹرافی میں پشاور نے بہاولپور کو 89 رنز تک محدود رکھا،اعظم خان نے5 شکار کیے، فوٹو: فائل

قائد اعظم ٹرافی میں پشاور نے بہاولپور کو 89 رنز تک محدود رکھا،اعظم خان نے5 شکار کیے، فوٹو: فائل

لاہور: پریذیڈنٹ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کے آرایل کی ٹیم76 رنز پر ڈھیر ہوگئی، یو بی ایل کے آف اسپنر عاطف مقبول نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 22 رنز دے کر6 وکٹیں اڑا دیں۔

پی ٹی وی کے رضوان اکبر نے5اور محمد علی نے 4 پلیئرز کو ٹھکانے لگا کر اسٹیٹ بینک کی بساط178پر لپیٹ دی۔ پی آئی اے نے زرعی ترقیاتی بینک کا قصہ 179پر تمام کیا، اعزاز چیمہ4 پلیئرز کو آئوٹ کرنے میں کامیاب ہوئے۔ قائد اعظم ٹرافی میں پشاور نے بہاولپور کو 89 تک محدود کردیا،اعظم خان نے5 وکٹیں لیں، ایبٹ آباد نے صرف 4 وکٹ پر 319 رنز بناکر لاہور راوی کے گرد شکنجہ کس دیا، ریاض خلیل نے سنچری بنائی، شالیمار نے حیدر آباد کو 222 پر آئوٹ کردیا، محمد بلاول نے4 پلیئرز کو پویلین کی راہ دکھائی۔

تفصیلات کے مطابق پریذیڈنٹ کپ کے ساتویں مرحلے میں چار روزہ میچ کے پہلے دن یونائیٹڈ بینک نے کے آر ایل کو پہلی اننگز میں صرف 76 رنز تک محدود رکھا، آف اسپنر عاطف مقبول نے تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 22 رنز دیکر 6 وکٹیں لیں، کاشف بھٹی اور طارق ہارون نے بھرپور ساتھ دیتے ہوئے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا، عثمان صلاح الدین21 اور زین عباس12 رنز بنا سکے، جواب میں یو بی ایل نے 3وکٹ پر83 رنز بنا کر 7 رنز کی برتری حاصل کرلی۔ پی ٹی وی کے رضوان اکبر نے 5 اور محمد علی نے4 شکار کرتے ہوئے اسٹیٹ بینک کو 178 پر میدان بدر کردیا، محمد سعد نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر سنچری سے 3 رنز قبل وکٹ گنوا بیٹھے۔

 photo 6_zpscfcf27b1.jpg

پی آئی اے نے زرعی ترقیاتی بینک کا قصہ 179پر تمام کردیا، اعزاز چیمہ نے4 جبکہ نجف شاہ، کامران سجاد اور طاہر خان نے2,2وکٹیں لیں، پی آئی اے نے جوابی اننگز میں3 وکٹیں گنوا کر70 رنز بنائے، سوئی ناردرن گیس نے نیشنل بینک کیخلاف پہلے روز5 وکٹ پر204 رنز بنائے، خرم شہزاد76 اور نعیم الدین 63 کے ساتھ نمایاں رہے، علی وقاص29 اور عدنان اکمل 20 رنزکے ساتھ دوسرے روز بیٹنگ کا آغاز کریں گے، وہاب ریاض اور عطااللہ نے2،2 وکٹیں لیں۔ واپڈا کیخلاف حبیب بینک کی ٹیم پہلی اننگز میں180 پر ڈھیر ہوگئی،یونس خان 19 رنز تک محدود رہے، اظہر عطاری نے 4، حفیظ نے 3 اور ذوالفقار بابر نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔ دوسری طرف قائداعظم ٹرافی میں پشاور نے بہاولپور کو 89 رنز پر ٹھکانے لگا دیا، اعظم خان نے 5، تاج ولی نے 3 اور آفاق احمد نے 2 پلیئرزکو پویلین کا راستہ دکھایا، جواب میں پشاور نے 4 وکٹ پر157 رنز بناتے ہوئے68 کی برتری حاصل کرلی، محمد ادریس 83 رنزکے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

ایبٹ آباد نے 4 وکٹ پر319 رنز بنا کر لاہور راوی کیخلاف شکنجہ کس دیا، ریاض خلیل نے117 اور محمد علی نے68 رنز کی اننگز کھیلیں۔ لاہور شالیمار نے حیدر آباد کو 222 رنز پر آئوٹ کردیا، صبیح حیدر88 پر ناقابل شکست رہے، ناصر اویس نے 30 رنز بنائے، محمد بلاول نے4 وکٹیں اپنے نام کیں، وحید الرحمان اور محمد عرفان نے 2،2 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ ملتان ریجن کے خلاف اسلام آباد کی ٹیم 237 پر ہمت ہار گئی، عماد وسیم 53 اور سجاد علی 45 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، محمد رمیز نے5 وکٹیں لیں، جوابی اننگز میں ملتان نے 2 اوورز کے کھیل میں بغیر کسی نقصان کے4 رنز بنالیے۔ کراچی وائٹس کیخلاف فیصل آباد نے 7وکٹ پر249 رنز اسکور کیے، عمران احمد 113 رنز کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں، میر حمزہ 4 وکٹیں اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔