قومی ہاکی،عمران نے پی ٹی وی کیخلاف 5 گول داغ دیے

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 22 دسمبر 2013
پہلے ہاف کے اختتام پر ایئرلائنز کو2 گول کی برتری حاصل تھی۔ وقفے کے بعد نیشنل بینک نے عمدہ کھیل پیش کیا. فوٹو: فائل

پہلے ہاف کے اختتام پر ایئرلائنز کو2 گول کی برتری حاصل تھی۔ وقفے کے بعد نیشنل بینک نے عمدہ کھیل پیش کیا. فوٹو: فائل

لاہور: محمد عمران نے قومی ہاکی چیمپئن شپ کے میچ میں 5گول داغ دیے،پاکستانی کپتان کے شاندار کھیل نے آرمی کو پی ٹی وی کے خلاف 8-1 سے کامیابی دلا دی، دوسرے میچ میں پی آئی اے نے نیشنل بینک کو سخت مقابلے میں3-2سے زیر کیا۔

تفصیلات کے مطابق جوہر اسٹیڈیم لاہور میں گذشتہ روز بھی ایونٹ کے2 میچزکا فیصلہ ہوا،آرمی نے پی ٹی وی کو ایک کے مقابلے میں8 گول سے شکست دی، فاتح کپتان محمد عمران حریف سائیڈ کے لیے دہشت کی علامت ثابت ہوئے،انھوں نے مجموعی طور پر5 گول کر کے ٹیم کی فتح کو آسان بنایا،آرمی نے کھیل کے آغاز سے ہی حریف پر حملوں کی بوچھاڑ کر دی جس کی تاب نہ لاتے ہوئے پی ٹی وی کی ٹیم ہمت ہار بیٹھی، چوتھے منٹ میں آرمی کو پنالٹی کارنر ملا جس کا محمد عمران نے بھر پور فائدہ اٹھایا اوربغیر کوئی غلطی کیے گیند کو جال کی راہ دکھا دی، دوسرا گول بھی انہی کے نام رہا جو انھوں نے21ویں منٹ میں پی سی پر ہی کیا،ابھی حریف ٹیم اس صدمے سے باہر بھی نہ نکل سکی تھی کہ عمران نے2 منٹ کے بعد مزید ایک گول کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کر لی، حبیب الرحمان نے 32ویں منٹ میں فیلڈ گول کے ذریعے اسکور 4-0 کر دیا، وقفے سے قبل آخری منٹ میں پی ٹی وی کے وقاص بٹ پہلاگول کرنے میں کامیاب رہے۔

 photo 8_zpsc64062a1.jpg

دوسرے ہاف میں بھی آرمی نے پی ٹی وی کو ابتدا سے ہی دبائو میں رکھا، محمد رضوان سینئر نے50 اور 54 ویں منٹ میں گول کر کے اسکور 6-1 کر دیا، محمد عمران بھی پیچھے نہ رہے، انھوں نے 63 اور67ویں منٹ میں گولز کر کے ٹیم کو8-1 سے فتح دلائی۔ پی آئی اے نے سنسنی خیز مقابلے میں نیشنل بینک کو2 کے مقابلے میں3 گول سے زیر کیا، دونوں ٹیموں نے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کی،24ویں منٹ میں ایئرلائنز کے عتیق نے حریف دفاعی لائن میں شگاف ڈالتے ہوئے گیند کو جال کی راہ دکھا دی،بینک نے کم بیک کیلیے کوشش کی لیکن حریف دفاعی لائن سیسہ پلائی دیوار بن کر حملوں کو روکتی رہی۔کھیل کے32ویں منٹ میں پی آئی اے کی ٹیم پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہو گئی جس کا بھر پور فائدہ کاشف علی نے اٹھایا، انھوں نے تیز پش سے گیند کو جال کی راہ دکھا دی۔

پہلے ہاف کے اختتام پر ایئرلائنز کو2 گول کی برتری حاصل تھی۔ وقفے کے بعد نیشنل بینک نے عمدہ کھیل پیش کیااور چند زبرست مووز بھی بنائیں جس کی وجہ سے حریف کھلاڑی دبائو کا شکار ہو گئے ، اس صورتحال کا محمد رضوان نے بھر پور فائدہ اٹھایااور 46ویں منٹ میں ٹیم کا پہلا گول کرنے میں کامیاب ہو گئے۔59ویں منٹ میں اختر علی نے فیلڈ گول سے مقابلہ2-2 سے برابر کر دیا۔اس صورتحال میں دونوں ٹیموں نے برتری لینے کی بھر پور کوشش کی لیکن فارورڈزکافی دیر تک گیند کو جال میں پھینکنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔کھیل کے آخری منٹ میں پی آئی اے کی ٹیم پنالٹی کارنر لینے میں کامیاب ہو گئی جس کا بھر پور فائدہ شفقت رسول نے اٹھایا اور حریف ٹیم گول کیپر کو چکمہ دیتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا دیا۔ اتوار کو چیمپئن شپ کے مزید3 میچزہوں گے،ہائرایجوکیشن کمیشن کا پورٹ قاسم سے مقابلہ صبح ساڑھے 10 بجے شروع ہو گا، ساڑھے 12 بجے پی ٹی وی اور پی آئی اے کا میچ شیڈول ہے،تیسرے میچ میں سوئی سدرن گیس اور واپڈا کی ٹیمیں دوپہر ڈھائی بجے ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔