بورڈ کا فرنچائزز سے فنانشل گارنٹی پر پھر اصرار

سلیم خالق  پير 26 اکتوبر 2020
بورڈ کا فرنچائزز سے فنانشل گارنٹی پر پھر اصرار ۔ فوٹو: فائل

بورڈ کا فرنچائزز سے فنانشل گارنٹی پر پھر اصرار ۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  پی سی بی نے فرنچائزز سے فنانشل گارنٹی پر پھر اصرار شروع کر دیا، اس حوالے سے23 اکتوبر کی تاریخ دی گئی تھی،ٹیم اونرز نے کورونا کی وجہ سے مالی مسائل کا جواز دے کر مزید مہلت مانگ لی، دوسری جانب نئے فنانشل ماڈل پر بات چیت سست روی سے جاری ہے، تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ دریں اثنا پانچویں ایڈیشن کے بقیہ میچز لاہور سے کراچی منتقل کرنے سے قبل فرنچائزز کے ساتھ کوئی مشاورت نہیں ہوئی، اعلان سے چند گھنٹوں قبل انھیں آگاہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فرنچائزز اور پی سی بی میں کئی برسوں سے اختلافات موجود تھے، معاملہ جب عدالت گیا تو سب کو سنگینی کا علم ہوا، فرنچائزز نے کیس واپس لیا اور بورڈ حکام کے سامنے مطالبات کی فہرست رکھی، اس بات کو کئی روز گذر چکے مگر ابھی صرف بات چیت ہی جاری ہے، بورڈ کی جانب سے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا، البتہ اگلے ایڈیشن کی فنانشل گارنٹی کیلیے یاد دہانیاں جاری ہیں،ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی میٹنگ میں یہ طے پایا تھا کہ چونکہ کورونا کی وجہ سے فرنچائزز مالی مسائل کا شکار ہیں اس لیے پی سی بی فی الحال فنانشل گارنٹی کیلیے زور نہیں ڈالے گا۔

البتہ ذرائع کے مطابق ایسا نہیں ہوا اور کئی دن قبل سے ہی مطالبہ شروع کر دیا گیا تھا، بورڈ نے فرنچائزز کو بار بار یاد دہانی کرائی کہ ’’جنٹلمین پرومس‘‘ پورا کرتے ہوئے23 اکتوبر تک فنانشل گارنٹی جمع کرائیں،اس پر ٹیم مالکان نے مشترکہ ای میل کر کے مزید مہلت مانگ لی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ  نئے فنانشل ماڈل پر فرنچائزز کے نمائندوں کی بورڈ کے چیف فنانشل آفیسرجاوید مرتضیٰ اورپی ایس ایل پروجیکٹ ایگزیکٹیو شعیب نوید سے ملاقاتیں ہوئی ہیں، اس میں مثبت انداز میں بات چیت ہوئی لیکن سب کچھ ابھی تجاویز تک ہی محدود ہے۔

اس حوالے سے رواں ماہ کے آخر میں بورڈ حکام اورفرنچائز اونرز کی اہم ملاقات متوقع ہے، پی سی بی نے آئندہ 5 برس کیلیے ڈالر کا ایک ریٹ 168 مقرر کرنے کی پیشکش کر دی جوٹیموں کو قبول نہیں اور وہ ابتدائی ایڈیشن کے برابر 102 کا ریٹ چاہتی ہیں، دائمی مالکانہ حقوق کے معاملے پر بھی بات چیت جاری ہے۔

دوسری جانب ذرائع نے مزید بتایا کہ پانچویں ایڈیشن کے بقیہ میچزلاہور سے کراچی منتقل کرنے کے فیصلے سے فرنچائزز کوچند گھنٹوں قبل ہی بتایا گیا، ان سے پہلے کوئی مشاورت نہیں ہوئی، بعض ٹیم اونرز کو لگتا ہے کہ کراچی کنگز کو  فائدہ پہنچانے کیلیے ایسا کیا گیا، اس سے پہلے اسی فرنچائز کے کھیلنے سے انکار پر پانچویں ایڈیشن کو اچانک ملتوی کر دیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔