پاکستان نیوی کے ملجم کلاس کارویٹ کی تیاری کا کراچی میں آغاز

اسٹاف رپورٹر  پير 26 اکتوبر 2020
کراچی: زبیدہ جلال، امیر البحر، ترک وزیر ودیگر کا پی این ملجم منصوبے کے افتتاح پر گروپ فوٹو

کراچی: زبیدہ جلال، امیر البحر، ترک وزیر ودیگر کا پی این ملجم منصوبے کے افتتاح پر گروپ فوٹو

 کراچی: کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس میں پاک بحریہ کے لیے دوسرے ملجم کلاس کارویٹ کی تعمیر شروع کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ ترکی کے وزیر برائے قومی دفاع جناب ہولوسی اکار نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی۔

تقریب میں وزیر دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال اور چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی شریک تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز مہمان خصوصی نے پاک بحریہ کی ملجم کارویٹ کی بنیاد رکھنے کو وزارت دفاعی پیداوار ، پاکستان نیوی ، کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس اور ترکی کےM/S ASFAT کے لیے ایک تاریخی موقع قرار دیا۔

انھوں نے M/S ASFAT (ترک قومی دفاعی فرم) اور کراچی شپ یارڈ اینڈ انجینئرنگ ورکس کی ایڈوانس ٹیکنالوجی کی مدد سے تعمیر کیے جانے والے کارویٹ کے منصوبے کو سراہا۔ مہمان خصوصی نے کہا کہ ترکی مقبوضہ کشمیر اور آذربائیجان پر پاکستان کے اصولی موقف کی مکمل تائید اور حمایت کرتا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر برائے دفاعی پیداوار محترمہ زبیدہ جلال نے بھی کراچی شپ یارڈ کی کارکردگی کی تعریف کی اور اس بات کو واضح کیا کہ ملکی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانا ہماری پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ یہ اسٹیٹ آف دی آرٹ جنگی جہاز پاکستان میں تعمیر ہونا خوش آئند عمل ہے۔ ملجم کلاس کارویٹس پاکستان نیوی کے بیڑے کے سب سے جدید ٹیکنالوجی سے لیس سرفیس پلیٹ فارمز میں سے ایک ہوگا۔ یہ جہاز اسٹیٹ آف دی آرٹ ہتھیاروں اور جدید سینسرز سے لیس ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔