کورونا کیلیے جمع 4 ارب 84 کروڑ کے عطیات میں سے ایک پیسہ بھی خرچ نہ ہوسکا

اسٹاف رپورٹر  پير 26 اکتوبر 2020
حکومت نے قومی اسمبلی میں تفصیلات پیش کرتے ہوئے رقم خرچ نہ ہونے کا اعتراف کیا ہے (فوٹو، فائل)

حکومت نے قومی اسمبلی میں تفصیلات پیش کرتے ہوئے رقم خرچ نہ ہونے کا اعتراف کیا ہے (فوٹو، فائل)

 اسلام آباد: کورونا وائرس کے انسداد کے لیے اندرون اور بیرون ملک سے جمع ہونے والے 4.84 ارب کے عطیات میں سے عوام پر ایک پیسہ بھی خرچ نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

اس حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے  قومی اسمبلی میں تفصیلات پیش کی گئیں جس میں حکومت نے اعتراف کیا کہ کورونا وائرس کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 4ارب 84 کروڑ 24 لاکھ 26 ہزار 121 روپے کی عطیات جمع ہوئے۔ جس میں سے بیرون ملک سے 1 ارب 6 کروڑ 34 لاکھ 8 ہزار 414 روپے اور اندرون ملک سے 3 ارب 78 کروڑ20 لاکھ 77 ہزار 707 روپے کے عطیات موصول ہوئے۔

ارکان اسمبلی کو بتایا گیا کہ عطیہ شدہ رقم میں سے ایک پیسہ بھی کورونا وائرس کے سدباب کے لیے استعمال نہیں ہوا اور نہ ہی آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت صوبوں کو کوئی فنڈ جاری کیا گیا، تمام کی تمام رقم وفاقی حکومت کے پاس موجود ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔