پی ٹی وی کو ’ ارطغرل غازی‘ جیسے ڈرامے بنانے کی ضرورت ہے، شان شاہد

ویب ڈیسک  پير 26 اکتوبر 2020
10 سے 15 سال کے دوران پی ٹی وی اچھا مواد کیوں نہیں کرسکا؟ شان شاہد کا سوال (فوٹو: فائل)

10 سے 15 سال کے دوران پی ٹی وی اچھا مواد کیوں نہیں کرسکا؟ شان شاہد کا سوال (فوٹو: فائل)

 کراچی: اداکار و ہدایت کار شان شاہد کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن کو بھی ’ ارطغرل غازی‘ جیسے ڈرامے بنانے کی ضرورت ہے۔

عرب نیوز کو دیئے گئے انٹرویو میں اداکار نے کہا کہ مجھ سے متعلق لوگوں کی غلط فہمی ہے کہ میں ترکش ڈرامہ سیریل ’’ ارطغرل غازی‘ کے خلاف ہوں حقیقت یہ ہے کہ میں مخالف کبھی نہیں رہا کیوں کہ وہ مذہبی تاریخ کے اعتبار سے ہم لوگوں کے لیے بہت ہی بہترین ڈرامہ سیریل ہے۔

شان شاہد نے یہ بھی کہا کہ میں بطور پاکستانی شہری یہ حق رکھتا ہوں اور جاننا چاہتا ہوں کہ 10 سے 15 کے عرصے کے دوران پاکستان ٹیلی ویژن اپنے صارفین کے لیے اچھا مواد کیوں پیش نہیں کرسکا؟ ہم اپنے قومی چینل پر دوسرے ممالک کے ڈرامہ نشر کرسکتے ہیں تو ہم خود اس طرح کے ڈرامے کیوں نہیں بنا رہے؟ پی ٹی وی کو ایسے تاریخی سیریل پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نجی چینلز پر جس طرح کے ڈرامے دکھائے جا رہے ہیں اسے آپ روک نہیں کرسکتے کیوں کہ انہیں جو ٹھیک لگتا ہے وہ بناتے ہیں، لیکن آپ کے پاس پی ٹی وی جیسا چینل بھی موجود ہے، اگر سرکاری چینل وزیر اعظم کی سوچ کے مطابق مذہبی تاریخ پر مبنی ڈرامے دکھائے تو مجھ سمیت بہت سے لوگ دیکھنا ضرور پسند کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔