دیس بدیس کے کھانے

ریحانہ علی  منگل 27 اکتوبر 2020
بنائیے لذیذ قیمہ بھری گوبھی ہماری ترکیب کے ساتھ۔ فوٹو:فائل

بنائیے لذیذ قیمہ بھری گوبھی ہماری ترکیب کے ساتھ۔ فوٹو:فائل

قیمہ بھری گوبھی
اجزا:
بند گوبھی (ایک عدد)،
بڑے گوشت کا قیمہ (آدھا کلو)،
پیاز (تین پائو،)
لال مرچ (ایک چھٹانک)،
ہلدی (ایک تولہ)،
پسا ہوا ہرا دھنیا (ایک تولہ)،
ادرک (آدھی گانٹھ)،
ثابت گرم مسالا (پائو چھٹانک)،
نمک (حسب ذائقہ)

ترکیب:
قیمے میں تھوڑا سا نمک اور آدھا گرم مسالا ملاکر رکھ دیجیے پھر گھی کڑکڑاتے ہوئے اس میں پیاز کے تھوڑے سے لچھے لال کرلیجیے۔ اس کے بعد قیمہ گھی میں بھون کر سرخ کر لینے کے بعد پتیلی سے نکال کر کسی پلیٹ میں رکھ لجیے۔ اسی طرح بند گوبھی کے پتوں کو بھی پانی میں (جس کی مقدار زیادہ نہ ہو) صرف اتنا بال کر کہ یہ ذرا ذرا نرم پڑ جائیں۔ پانی سے نکال کرالگ رکھ لیجیے۔ اب باقی گرم مسالا پیس کر اس کی آدھی مقدار بھنے ہوئے قیمے میں ملادیجیے۔

(گرم مسالا بہت باریک پیسنا چاہیے) پیاز اور ادرک کو بہت باریک کتر کر ان میں دھنیا شامل کر کے نصف گوبھی کے ابلے ہوئے پتوں پر تہہ کی شکل میں جما دیں۔ اس تہہ پر بھنا ہوا قیمہ پچھا دیں۔ قیمہ کے اوپر دھنیے پیاز اور ادرک کی بقیہ آدھی مقدار کی تہہ جمائیں اور پھر پتوں کو دھاگے سے باندھ دیں۔ اب گرم مسالے کی بقیہ مقدار کو گھی میں بھونیں اور دھاگا لپٹتے ہوئے پتے اس گھی میں تلیں۔

آنچ دھیمی رکھیں۔ جب دیکھیں کہ پتے بھننے پر آگئے تو پتیلی کا ڈھکنا آٹے سے بند کر دیں اور منہ بند پتیلی کو ہر چند منٹ بعد آہستہ آہستہ ہلادیں۔ تقریباً آدھے گھنٹے بعد پتیلی چولھے پر سے اتار لیں۔ قیمہ بھری گوبھی تیار ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔