افغانستان میں پولیس سینٹر پر دہشت گردوں کا حملہ، 3 اہلکار ہلاک اور 33 زخمی

ویب ڈیسک  منگل 27 اکتوبر 2020
سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے، پولیس چیف خوست۔ فوٹو : فائل

سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے، پولیس چیف خوست۔ فوٹو : فائل

خوست: صوبے خوست میں پولیس سینٹر پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک اور 33 زخمی ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبے خوست میں صبح 6 بجے دہشت گردوں نے پولیس اسپیشل یونٹ سینٹر پر حملہ کیا، حملہ آوروں نے پہلے پولیس سینٹر کی دیوار کو کار بم دھماکے سے اڑایا اور پھر اندر داخل ہوگئے، واقعہ کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری کو طلب کرکے علاقے کو کسی بھی قسم کی آمدورفت کے لیے سیل کردیا گیا ہے۔

افغان صوبے خوست کے پولیس چیف کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی ایک اور کار کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے تباہ کردیا جب کہ پولیس سینٹر کی دیگر عمارتوں کو کلیئر کرکے حملہ آوروں کو ایک عمارت تک محدود کردیا گیا ہے جہاں سیکیورٹی فورسز کا ان سے مقابلہ جاری ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق دہشت گردوں کے حملے میں 3 اہلکار ہلاک اور 33 زخمی ہوگئے ہیں جب کہ متعدد کی حالت تشویشناک ہے، سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 4 دہشت گرد بھی مارے گئے جب کہ ابھی تک کسی بھی گروپ کی جانب سے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔