گستاخانہ خاکوں پر فرانس کیخلاف ملک بھر میں مظاہرے، ہزاروں افراد کی شرکت

ویب ڈیسک  بدھ 28 اکتوبر 2020
فرانسیسی سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک بدر کرنے کا مطالبہ

فرانسیسی سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک بدر کرنے کا مطالبہ

 کراچی: فرانس میں حکومتی سرپرستی میں گستاخانہ خاکے آویزاں کرنے کیخلاف ملک بھر میں چھوٹے بڑے احتجاجی مظاہرے ہوئے جس میں ہزاروں عاشقان رسول ﷺ نے شرکت کی۔

راولپنڈی میں تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کی جانب سے راجہ بازار اور سیٹلائٹ ٹاؤن سے فیض آباد تک دو بڑی احتجاجی ریلیاں نکالیں گئیں۔ مظاہرین نے وزیراعظم عمران خان سے فرانسیسی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرنے اور فرانسیسی سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ملک بدر کرنے کا مطالبہ کیا۔

شرکاء نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پر فرانس کے مکروہ اقدام کے خلاف نعرے درج تھے اور فضا فرانس مردہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی جبکہ فرانسیسی صدر کا پتلا بھی نظر آتش کیا گیا۔

Image

شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پیر حسین الدین شاہ کا کہنا تھا کہ فرانس کی مکروہ جسارت پر پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان رنجیدہ  ہیں اور اپنے پیارے نبیﷺ کی ناموس کی حفاظت کے لیے کچھ بھی کر گزرنے کو تیار ہیں۔

پشاور، کراچی اور لاہور سمیت بیشتر شہروں میں عدالتوں میں وکلا کی جزوی ہڑتال رہی۔ وکلاء نے بھی گستاخانہ خاکوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کیا اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔

کراچی میں جماعت اسلامی کی طرف سے تین تلوار پر فرانسیسی حکومت کے خلاف احتجاج کیا گیا۔  کراچی بار کے تحت وکلا نے ایم اے جناح روڈ پر ریلی نکالی اور علامتی دھرنا بھی دیا۔ جامعہ کراچی میں بھی اساتذہ نے فرانس کے خلاف ریلی نکالی اور احتجاج کیا۔

گوجرانوالہ میں جماعت اسلامی نے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف احتجاج کیا جس میں طلباء نے بھی شرکت کی۔ گوجرانوالہ میں ہی سابق صدر چیمبر آف کامرس عاصم انیس، ایگزیکٹو ممبر عطاء فرید چوہدری کی قیادت میں تحفظ ناموس ریلی نکالی گئی جو بس اسٹاپ سے ہوتی ہوئی جی ٹی روڈ شیرانوالہ باغ جاکر اختتام پزیر ہوئی۔

لاہور کی شاہ عالم مارکیٹ میں صدرانجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ کی قیادت میں تاجروں نے احتجاجی ریلی نکالی۔ انہوں نے فرانس کے صدر کی تصاویر پر پاؤں رکھے اور شدید نعرے بازی کی۔

نارنگ منڈی میں بھی انجمن تاجران نے ناموس رسالت ریلی نکالی جس میں تمام مسالک کے علماء،امن کمیٹی،سیاسی رہنماؤں سمیت سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔

بدین کے علاقے کھوسکی میں نوجوان اتحاد کی کال پر ہڑتال ہوئی اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ حیدرآباد میں مختلف جامعات کے طلبہ نے مشترکہ طور پر پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا۔ فیصل آباد کے شہر سمندری میں مختلف مذہبی جماعتوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

جامعہ نعیمیہ میں مفتی منیب الرحمن نے علماء اہلسنت کے ہمراہ پریس کانفرنس کی جس میں تمام مکاتب فکر کے علماء نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ قومی میڈیا پاکستانی مارکیٹوں میں موجود فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کی اپیل کرے۔ فرانسیسی سفیر مرک بیریٹی کو ملک بدر کیا جائے اور پاکستانی سفیر کو پیرس سے واپس بلایاجائے، پاکستان میں دینی مقدّسات کی توہین کے مقدّمات براہِ راست فیڈرل شریعت کورٹ میں ٹرائل کیے جائیں۔

Image

امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے گستاخانہ خاکوں کیخلاف جمعہ کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔