ججوں کے انتظامی فیصلے انفرادی نہیں بطور ادارہ تصور کیے جائیں گے، سپریم کورٹ

ویب ڈیسک  بدھ 28 اکتوبر 2020
سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں کی گئی تعیناتیوں کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ فوٹو: فائل

سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں کی گئی تعیناتیوں کو غیر قانونی قرار دیا تھا۔ فوٹو: فائل

 اسلام آباد: سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس ہائیکورٹس اور ہائیکورٹ ججز کے انتظامی اختیارات فیصلے بطور ادارہ تصور کیے جائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ہائیکورٹ ججز کے انتظامی اختیارات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ نے 16 مارچ کو فیصلہ محفوظ کیا تھا، سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ ججز کے انتظامی اختیارات کے حوالے سے فیصلہ جاری کردیا، 42 صفحات پر مشتمل فیصلہ جسٹس اعجاز الاحسن نے تحریر کیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس ہائی کورٹس اور ہائی کورٹ ججز کے انتظامی اختیارات اور فیصلے بطور ادارہ تصور کیئے جائیں گے،  تعیناتیاں، تبادلے چیف جسٹس اور ججز کا انتظامی اور ایگزیکٹو اختیار ہے، جج صاحبان کے انتظامی احکامات انفرادی طور پر نہیں بلکہ بطور ادارہ تصور کیے جائیں گے۔ ججز صاحبان کے انتظامی احکامات کی تعریف آئین کے آرٹیکل192 میں کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں کی گئی تعیناتیوں کو غیر قانونی قرار دیا تھا، تاہم اب سپریم کورٹ کے لارجر بینچ نے اپنے ہی 3 رکنی بینچ کا فیصلہ غیر موثر قرار دے دیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔