حضرت داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے 970 ویں سالانہ عرس کی تقریبات شروع

ویب ڈیسک  اتوار 22 دسمبر 2013
3 روزہ تقریبات کے دوران قومی محفلِ قرات ونعت اور محفل سماع بھی ہوگی جبکہ دن رات لنگر کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ فوٹو: فائل

3 روزہ تقریبات کے دوران قومی محفلِ قرات ونعت اور محفل سماع بھی ہوگی جبکہ دن رات لنگر کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔ فوٹو: فائل

لاہور: برصغیر کے معروف روحانی بزرگ حضرت سید ابوالحسن علی بن عثمان الجلابی الہجویری المعروف داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے 970 ویں سالانہ عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہوگیا۔

لاہور میں داتا گنج بخش رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات کا آغاز وفاقی وزیر خزانہ اور مذہبی امور کی کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر اسحاق ڈار نے مزارمبارک پر چادرپوشی اور دودھ کی روایتی سبیل کے افتتاح سے کیا۔ اس موقع پر ملک کی ترقی، سالمیت اور بقا کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ عرس کی تقریبات کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے زائرین کی جانب سے چادر پوشی اور فاتحہ خوانی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔3 روزہ تقریبات کے دوران قومی محفلِ قرات ونعت اورمحفل سماع بھی ہوگی جبکہ دن رات لنگر کا سلسلہ بھی جاری رہے گا، اس مقصد کے لئے حکومت نے 80 لاکھ روپے مختص کئے ہیں۔

عرس کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے کے سد باب کے لئے سیکیورٹی کے خاص انتظامات کئے گئے ہیں۔ مزار کے اندر اور باہر ایک سو کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ مزارکے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈی ٹیکٹرز لگائے گئے ہیں۔ ایک ہزار 700 پولیس اہل کاروں کی تعیناتی کے علاوہ درجنوں رضا کار اور محکمہ اوقاف کے 65 سیکیورٹی گارڈز کے علاوہ نجی سیکیورٹی ایجنسی کی جانب سے بھی خصوصی طور پر 74 سیکورٹی گارڈز فراہم کئے گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔