نوازشریف کے معاملے پر وزیراعظم کو برطانیہ جانا پڑے گا، فواد چوہدری

ویب ڈیسک  جمعرات 29 اکتوبر 2020
نواز شریف کے خلاف کارروائی اگلے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، فواد چوہدری فوٹو: فائل

نواز شریف کے خلاف کارروائی اگلے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، فواد چوہدری فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چود چوہدری کہتے ہیں کہ نوازشریف کے معاملے پروزیراعظم کو لندن جانا پڑے گا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عوام نواز شریف مریم نواز اور بلاول کے ہاتھ میں پاکستان نہیں دینا چاہتے ، سیاسی نعرے لگانے سے کچھ نہیں ہوتا ، سیاسی نعروں سے منہگائی کم نہیں ہو گی، اپوزیشن کو موقع دیا کہ بیٹھ کر بات کرے، عمران خان کسی کی بلیک میلنگ میں نہیں آ سکتے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن ٹی اے ڈی اے لینے والے لوگ ہیں ان کو کیا پتا کہ پاکستان کی عزت کیا ہے ، ان کی حالت یہ ہے کہ جو دل میں آیا بول دیا ، کوئی بھی محب وطن شہری اداروں کے خلاف پی ڈی ایم کی تقاریر سے خوش نہیں، یہ لوگ نہیں سوچتے کہ ان کی بات کا بھارت کیا ترجمہ کرے گا، نوازشریف غصے میں جو بول رہے ہیں ، ان کو اندازہ ہی نہیں نتائج کیا ہوں گے، ایازصادق،محمود اچکزئی اور ن لیگی قیادت نے سیاست کو گڈ مڈ کیا، ایاز صادق کا بیان یہ ثابت کرتا ہے کہ قومی سلامتی کے معاملے پر اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا غلطی تھی۔

نواز شریف کو واپس لانے سے متعلق فواد چوہدری نے کہا کہ 15جنوری دور ہے، نواز شریف کے خلاف کارروائی اگلے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، برطانیہ کا نظام انصاف پاکستان کے نظام کا احترام کرے گا، جلد نواز شریف پاکستان واپس آئیں گے، میرے خیال میں نوازشریف کے معاملے پروزیراعظم کو لندن جانا پڑے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔