اقتدار کی محرومی نے نوازشریف کو ذہنی مریض بنا دیا ہے، شوکت یوسفزئی

ویب ڈیسک  جمعرات 29 اکتوبر 2020
مسلم لیگ (ن) کے قائد اور مودی کا بیانیہ  ایک ہوتا جا رہا ہے، شوکت یوسفزئی۔ فوٹو:فائل

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور مودی کا بیانیہ ایک ہوتا جا رہا ہے، شوکت یوسفزئی۔ فوٹو:فائل

پشاور: صوبائی وزیر اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ اقتدار کی محرومی نے نوازشریف کو ذہنی مریض بنا دیا ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائد اور مودی کا بیانیہ  ایک ہوتا جا رہا ہے۔ 

ایکسپریس نیوز کے مطابق پشاور میں پی ڈی ایم  کے ممکنہ جلسے پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر اور تحریک انصاف کے سینئر رہنما شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر پی ڈی ایم  پشاور جلسہ ملتوی کرے، اور  اپوزیشن عوام پر رحم کرے  اور کرپشن بچانے کے لیےانہیں استعمال نہ کیا جائے۔

شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن بتائیں کہ کرپٹ لوگوں کا ساتھ دینے میں کتنی رکعتوں کا ثواب ملتا ہے؟، اقتدار کی محرومی نے نوازشریف کو ذہنی مریض بنا دیا ہے، مسلم لیگ (ن) کے قائد اور مودی کا بیانیہ  ایک ہوتا جا رہا ہے، پاک فوج کے خلاف تقاریر قابل مزمت ہیں،  دہشت گردی کو ختم کرنے کے لئے پاک فوج اور پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ معیشت کی بہتری کے تمام انڈیکیٹر درست ہو رہے ہیں،  وزیراعظم عمران خان مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سخت اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔