تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے سری لنکا کو 113 رنز سے شکست دے دی

ویب ڈیسک  اتوار 22 دسمبر 2013
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 5 میچوں کی سیریز گرین شرٹس کو 1-2 کی برتری حاصل ہو گئی. فوٹو: اے ایف پی

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 5 میچوں کی سیریز گرین شرٹس کو 1-2 کی برتری حاصل ہو گئی. فوٹو: اے ایف پی

شارجہ: تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 113 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-2 کی برتری حاصل کرلی۔

شارجہ میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس کا پاکستان نے بھرپور فائدہ اٹھایا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 کھلاڑیوں کے نقصان پر 326 رنز بنائے۔ 327 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 213 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے عمر گل نے 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی اور قومی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ میزبان سری لنکا کی جانب سے تلکارتنے دلشان نے 59 رنز بنائے اور ٹاپ اسکورر رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں انجیلو میتھیوز 44 اور دنیش چندیمل 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

قبل ازیں پاکستان کی جانب محمد حفیظ نے بغیرآؤٹ ہوئے 140 رنز بنائے جب کہ احمد شہزاد 81  اور کپتان مصباح الحق 26 گیندوں پر 40 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ تیسرے میچ کے لئے قومی ٹیم میں سہیل تنویر کی جگہ عمر گل کو شامل کیا گیا ہے۔ ٹاس کے بعد مصباح الحق نے کہا کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے تاہم فیلڈنگ اور بالنگ میں بہتری کی گنجائش ہے، بالنگ کو مضبوط بنانے کے لئے ٹیم میں عمر گل شامل کئے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 5 میچوں کی سیریز میں اب پاکستان کو 1-2 ایک سے برتری حاصل ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔