سینیٹرفیصل جاوید کا پاک فرانسیسی پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی سربراہی چھوڑنے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 29 اکتوبر 2020
ناموس رسالتﷺ کے حوالے سے ردعمل ہماری مذہبی و اخلاقی ذمہ داری ہے، سینٹر فیصل جاوید

ناموس رسالتﷺ کے حوالے سے ردعمل ہماری مذہبی و اخلاقی ذمہ داری ہے، سینٹر فیصل جاوید

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کا پاک فرانسیسی پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کی سربراہی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینٹ کو بھجوا دیا۔

فرانسیسی صدر کی جانب سے رسالت مآب خاتم النبیّین حضرت محمد مصطفیٰ صل اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے توہین آمیز خاکوں کی اشاعت کی حمایت کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کے سینٹر فیصل جاوید کا فرانسیسی صدر کے توہین آمیز رویے کیخلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے پاک فرانسیسی پارلیمانی فرنڈشپ گروپ کی سربراہی چھوڑنے کا اعلان کردیا، سینٹر فیصل جاوید نے اپنا استعفیٰ چیئرمین سینٹ کو بھجوا دیا۔

سینٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ فرانسیسی صدر نے رسالت مآب خاتم انبیّین حضرت محمد مصطفیٰ صل علیہ وسلم کیخلاف توہین آمیز خاکوں کی حمایت کی، ان کے اس اقدام سے یورپ میں اسلاموفوبیا کو مزید ہوا ملے گی اور اور شدت پسندی بڑھے گی،  وزیراعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی سمیت تمام عالمی فورمز پر اسلاموفوبیا کا معاملہ اٹھایا تھا۔

پی ٹی آئی سینیٹر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا پر واضح کیا ہے کہ فرانسیسی صدر کے اقدام سے انسانیت کو اس نقصان کا اندیشہ ہے جو نازی یا نسل پرست نہ پہنچا سکے،  نازی ازم کیطرح مقدس ہستیوں کی ہتک و توہین کیخلاف عالمی سطح پر قانون سازی وقت کا تقاضا ہے،  اظہارِ رائے کی آزادی کے نام پر کروڑوں مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنے کی فرانسیسی منطق ناقابل قبول ہے۔

سینٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ فراسیسی حکومت کے اس رویے کیخلاف میں فوری طور پر پاک فرانسیسی فرنڈشپ گروپ کی سربراہی سے مستعفی ہوتا ہوں، اور میری پرزور سفارش ہے کہ پارلیمان کی سطح پر قائم اس گروپ کو مکمل طور پر تحلیل کردیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔