مصر سے چینی کی درآمد، پاکستان میں قیمت کم ہونے کا امکان

ویب ڈیسک  جمعرات 29 اکتوبر 2020
مصر سے 25 ہزار میٹرک ٹن چینی ایک روز قبل کراچی پہنچی ہے (فوٹو : فائل)

مصر سے 25 ہزار میٹرک ٹن چینی ایک روز قبل کراچی پہنچی ہے (فوٹو : فائل)

 کراچی: مصر سے 25 ہزار میٹرک ٹن چینی کی پاکستان آمد کے بعد ملک بھر میں چینی کی قیمت میں کمی کا امکان پیدا ہوگیا۔

وزرات صنعت و پیداوار کے حکام نے بتایا ہے کہ سرکاری سطح پر مصر سے درآمد کی جانے والی چینی پاکستان پہنچ چکی ہے، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کی طرف سے درآمد کی جانے والی چینی لے کر جہاز پورٹ قاسم پہنچ چکا ہے اور چینی اتارنے کا عمل جاری ہے۔

حکام نے بتایا کہ چینی کا دوسرا جہاز 50 ہزار میٹرک ٹن چینی لے کر 30 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گا، درآمدی چینی پنجاب اور یوٹیلیٹی اسٹورز کو فراہم کی جائے گی، 25 ہزار میٹرک ٹن میں سے 5 ہزار میٹرک ٹن چینی یوٹیلیٹی اسٹورز اور 20 ہزار پنجاب کو دی جائے گی تاہم یوٹیلیٹی اسٹورز کو درآمدی چینی کا کوٹا بڑھا کر 50 ہزار میڑک ٹن تک کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

حکام نے بتایا کہ  درآمدی چینی کی پورٹ قاسم تک فی کلو لاگت 72 روپے فی کلو ہے، ٹرانسپورٹ چارجز اور ریٹیلرز منافع کے بعد اوپن مارکیٹ میں چینی 80 روپے فروخت کی جاسکے گی، یوٹیلیٹی اسٹورز پر چینی کی فی کلو قیمت 68 روپے برقرار رہے گی۔

وزارت صنعت و تجارت کے مطابق مجموعی درآمدی چینی کی پورٹ پر اوسط قیمت 75 روپے آئے گی، اوپن مارکیٹ میں مجموعی درآمدی چینی کی اوسط قیمت 80 سے 83 روپے آئےگی، پنجاب درآمدی چینی کی فروخت کی مانیٹرنگ کرے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔