ایاز صادق کسی اور کے ہاتھوں میں کھیل گئے، شاہ محمود قریشی

ویب ڈیسک  جمعرات 29 اکتوبر 2020
اس بیان کے بعد ناقص کارکردگی کے سبب برطرف کیے گئے بھارت کے ائرچیف نے بھی چوڑے ہو کر بیانات دیے (فوٹو: فائل)

اس بیان کے بعد ناقص کارکردگی کے سبب برطرف کیے گئے بھارت کے ائرچیف نے بھی چوڑے ہو کر بیانات دیے (فوٹو: فائل)

 اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایاز صادق نہ چاہتے ہوئے بھی کسی اور کے ہاتھوں میں کھیل گئے انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔

اپنے بیان میں انہوں ںے کہا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے بیان کی وضاحت کر دی ہے ان کی وضاحت کے بعد مزید وضاحت کی کوئی گنجائش نہیں رہتی، انہوں ںے واضح کردیا کہ ٹھوس موقف کے ساتھ گفتگو اور چیز ہے جبکہ خوشامدانہ پالیسی اور چیز، میں نے کل بھی واضح کیا تھا کہ ایاز صادق کی گفتگو غیر ذمہ دارانہ تھی، اس غیر ذمہ دارانہ گفتگو کے بعد بھارت کا وہ ائرچیف جسے ناقص کارکردگی کی وجہ سے ہٹایا گیا اس نے بھی چوڑے ہو کر بیانات دیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : سیاسی بیانات پر فوج میں ہر سطح پر سخت غم وغصہ پایا جاتا ہے، ترجمان پاک فوج

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جسے دنیا بھر میں سراہا گیا، پہلے ہم نے ہندوستان کو سبق سکھایا اور اس کے بعد تناؤ میں کمی لانے کے لیے اقدامات کیے اسے کہتے ہیں ’’دانشمندی‘‘، بدقسمتی سے اگر اندر سے ہی ایسی بولیاں بولی جائیں گی تو اس سے سوشل میڈیا پر پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کے بیانیے کو تقویت ملے گی جو انتہائی افسوس ناک ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایاز صادق نہ چاہتے ہوئے کسی اور کے ہاتھوں میں کھیل گئے انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا، ہندوستان تو پاکستان کو نیچا دکھانے کے لیے ہمیشہ موقع کی تلاش میں رہتا ہے اگر اس طرح کے بیانات دیے جائیں گے تو وہ یقیناً انہیں استعمال کرے گا، میں بس مختصراً یہی کہوں گا کہ ان کا بیان غیر ذمہ دارانہ، ہے جا اور موقع محل سے ہٹ کر تھا، ان کے اس بیان نے پاکستان کی کوئی خدمت نہیں کی بلکہ نقصان پہنچایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔