پاکستان کی ریاست جمہوریت کے پٹرول سے چلے گی، احسن اقبال

نمائندہ ایکسپریس  جمعـء 30 اکتوبر 2020
جب سیکیورٹی اداروں کو سیاستدانوں کے پیچھے لگا دیا جائے گا تو دہشت گردی بڑھے گی۔  فوٹو: فائل

جب سیکیورٹی اداروں کو سیاستدانوں کے پیچھے لگا دیا جائے گا تو دہشت گردی بڑھے گی۔ فوٹو: فائل

کنری: مسلم لیگ (ن) کے مرکزی جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی ریاست جمہوریت کے پیٹرول سے چلے گی مارشل لا کے ڈیزل سے نہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ جب سیکیورٹی اداروں کو دہشت گردوں کے پیچھے سے ہٹا کر سیاستدانوں کے پیچھے لگا دیا جائے گا تو دہشت گردی بڑھے گی، پاکستان کی ریاست جمہوریت کے پیٹرول سے چلے گی مارشل لا کے ڈیزل سے نہیں۔

کنری کے قریب گاؤں مور جھنگو میں مسلم لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ لاہور میں وزیراعظم نے تقریر میں کہا کہ پی ڈی ایم میں جیب کترے اکٹھے ہوئے ہیں جب کہ عمران نیازی سے بڑا چور کون ہوگا، جس نے ووٹ چوری کیے اور آرٹی ایس سسٹم کے ذریعے مینڈیٹ چوری کیا۔

ان کا کہناتھاکہ نواز شریف نے اندھیروں کو روشنی میں بدلا، چارسال کے دوران گیارہ ہزار میگاواٹ کے منصوبے شروع کیے، دہشت گردی کاخاتمہ کیا، کراچی کا امن ، پاکستان کی کرکٹ اور پی ایس ایل بحال کیا، یہی امن قائم کرنا ہمارا جرم ہے، انھوں نے کہا کہ ن لیگ نے پاکستان میں سی پیک کا منصوبہ شروع کیا ، چار سالوں میں 29 ارب کے منصوبے کھڑے کر کے دکھائے، یہ 72 سال میں سب سے بڑا چور وزیراعظم ہے، عالمی سازش کے تحت نواز شریف کی حکومت کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، سی پیک کے دشمنوں نے نواز شریف حکومت کا خاتمہ کیا۔

مفتاح اسماعیل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ بتائیں کہ نوازشریف کے دور میں زندگی بہتر تھی یا اب ہے، نواز شریف دور میں چینی52روپے اور آٹا 34روپے تھا لیکن آج چینی 115روپے اور آٹا75 روپے فی کلو مل رہا ہے، مہنگائی کی وجہ یہ ہے کہ یہ حکومت چور ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔