بابر اعظم قیادت کا حق ادا کرنے کیلیے پْرعزم

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 30 اکتوبر 2020
زمبابوے سے ہوم سیریز میں جہاں موقع ہوا نوجوانوں کو آزمائیں گے،کپتان۔ فوٹو: فائل

زمبابوے سے ہوم سیریز میں جہاں موقع ہوا نوجوانوں کو آزمائیں گے،کپتان۔ فوٹو: فائل

لاہور: بابر اعظم زمبابوے سے سیریز میں بھی قیادت کا حق ادا کرنے کیلیے پْرعزم ہیں۔

زمبابوے سے ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل ویڈیو پریس کانفرنس میں بابر اعظم نے کہا کہ کسی سطح کی کرکٹ بھی ہواس کا دباؤ ضرور ہوتا ہے، ڈومیسٹک میچ بھی اس کے بغیر نہیں ہوتا،ابتدا میں نروس کرنے والے لمحات آتے ہیں،میں اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہوئے اس پریشر سے نکلتا اور جانتا ہوں کہ ٹیم کی بیٹنگ میرے گرد گھومتی ہے، اس لیے دیگر بیٹسمینوں کو ساتھ چلانے کی کوشش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وہ ہوم سیریز میں بھی قیادت کا حق اداکرنے کیلیے پْرعزم ہیں،خوش قسمتی سے آئی سی سی سپر لیگ کی پہلی سیریز اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا موقع مل رہا ہے،بطور کپتان میرے لیے بھی یہ بڑے اعزاز کی بات ہے، تماشائیوں کے سامنے کھیلنے کا لطف ہی کچھ اور ہوتا ہے مگر کورونا کی وجہ سے فی الحال خالی میدان میں ہی کھیلنا پڑے گا۔

ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ حیدر علی جارحانہ بیٹنگ کرتے جبکہ عبداللہ شفیق تھوڑا وقت لینے کے بعد نیچرل اسٹروکس کھیلتے ہیں،دونوں کا مزاج مختلف مگر باصلاحیت ہیں اور ان کا مستقبل روشن نظر آرہا ہے،میری کوشش ہوگی کہ ان کو سپورٹ کروں، ابھی تک خود جو سیکھا ان میں منتقل کروں گا تاکہ کھیل میں مزید نکھار آئے، ہوم سیریز میں جہاں موقع ہوا نوجوانوں کو آزمائیں گے۔

پریس کانفرنس میں بابر اعظم ٹیسٹ کپتانی کا سوال گول کرگئے

بابر اعظم ٹیسٹ کپتانی کا سوال گول کرگئے، زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز سے قبل ویڈیو پریس کانفرنس میں طویل فارمیٹ میں بھی قیادت سنبھالنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ ابھی اس بارے میں سوچنے کی ضرورت نہیں،فی الحال تو زمبابوے کیخلاف ون ڈے سیریز پر توجہ مرکوز ہے، اس کے بعد ٹی ٹوئنٹی کے بارے میں غور کریں گے۔

ایک روزہ کرکٹ میں پہلی بار قیادت کے سوال پر انھوں نے کہا کہ مجھے مختصر فارمیٹ کا تجربہ حاصل ہے، اسی کی مدد سے اس سیریز میں بھی ٹیم کی کمان سنبھالوں گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔