معروف اداکار اور ’جیمز بانڈ 007‘ کے پہلے ہیرو شان کونری چل بسے

ویب ڈیسک  ہفتہ 31 اکتوبر 2020
ایک آسکر،دو بافٹا  اور تین گولڈن گلوبز ایوارڈ حاصل کرنے والے شان کونری کچھ عرصے سے علیل تھے، فوٹو : فائل

ایک آسکر،دو بافٹا اور تین گولڈن گلوبز ایوارڈ حاصل کرنے والے شان کونری کچھ عرصے سے علیل تھے، فوٹو : فائل

جیمز بانڈ کے کردار کو سب سے پہلے نبھانے والے شان کونری 90 سال کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کرگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جیمز بانڈ 007 کے کردار کو پردہ اسکرین پر اپنی لازوال اداکاری سے امر کرنے والے آسکر ایوارڈ یافتہ اسکاٹش اداکار شان کونری انتقال کرگئے۔ وہ آج کل بہاماس کے جزائر میں رہائش پذیر تھے جہاں انہیں صحت کے مسائل کا سامنا تھا۔

معروف اداکار کے اہل خانہ نے میڈیا کو بتایا کہ وہ رات کو معمول کے مطابق اپنے کمرے میں سو گئے تھے تاہم صبح ناشتے کے لیے اُٹھانے پر بیدار نہ ہوئے۔ معالج نے معائنے کے بعد انتقال کی تصدیق کی۔

شان کونری کو 1985ء میں آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا اس کے علاوہ معروف اداکار نے کئی دیگر ایوارڈز بھی جیتے جن میں 2 بافٹا اور 3 گولڈن گلوب ایوارڈز شامل ہیں۔ ان کی مقبول فلمیں دی ہنٹ فار ریڈ اکتوبر ، انڈیانا جونز اینڈ دی لاسٹ کروسیڈ اور دی راک ہیں۔

شان کونری کے مداحوں میں دنیا کی معروف اور طاقت ور شخصیات بھی شامل ہیں۔ عمدہ اداکاری پر شان کونری کو 2000ء میں ملکہ برطانیہ نے’ سر‘ کے خطاب سے بھی نوازا تھا۔ وہ 25 اگست 1930ء کو برطانیہ میں پیدا ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔