ٹیکس گوشوارے داخل کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں ہوگی، ایف بی آر

بزنس رپورٹر  ہفتہ 31 اکتوبر 2020
 ٹیکس سال 2020 کے لئے نیا آسان ریٹرن فارم متعارف کرایا گیا ہے، اعلامیہ(فوٹو، فائل)

ٹیکس سال 2020 کے لئے نیا آسان ریٹرن فارم متعارف کرایا گیا ہے، اعلامیہ(فوٹو، فائل)

 اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے تمام ٹیکس  دہندگان پر واضح کیا ہے کہ سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی اسے لیے گوشوارے 8 دسمبر 2020 سے پہلے جمع کروادیں۔

اس حوالے سے ایف بی آڑ کی جانب سے گذشتہ روز جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں آسانی کے لئے ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔ ٹیکس سال 2020 کے لئے نیا آسان ریٹرن فارم متعارف کرایا گیا ہے۔

ٹیکس گزار نئے وزرڈ بیسڈ آسان ویب انٹرفیس کے ذریعے راہ نمائی کے ساتھ سالانہ گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں۔ ٹیکس آسان ایپ  پر سمارٹ فون  کے ذریعے بھی گوشوارے جمع کرائے جا سکتے ہیں ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ایسے تمام افراد کی نشاندہی کی جا چکی ہے جو کہ قابل ٹیکس آمدنی ہونے کے باوجود گوشوارے جمع نہیں کرا رہے اور ایسے افراد جن کے اخراجات قابل ٹیکس آمدنی سے زائد ہے مگر انہوں نے سالانہ گوشواروں میں اپنی آمدن قابل ٹیکس آمدنی سے کم ظاہر کی ہے۔

ایف بی آر کے ڈیٹابیس میں ایسے تمام افراد کے اخراجات اور آمدن کی تفصیلات مو جود ہیں۔ ایف بی آر ایسے تمام افراد کو آخری موقع فراہم کر رہا ہے کہ وہ اپنے ٹیکس گوشوارے اپنے صحیح اخراجات اور آمدن کے حساب سے جمع کرائیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گی اہے کہ  ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی راہ نمائی کے لئے ویڈیو ٹیو ٹوریلز ایف بی آر کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ کسی بھی دشواری پیش آنے پر ایف بی آر کی ہیلپ لائن 111772772 یا ویب سائٹ www.fbr.gov.pk سے مدد لی جا سکتی ہے۔ یاد رہے انکم ٹیکس گوشوارے فائل کرنا ہر اس شخص پر لازم ہے جس کی سالانہ آمدن چھ لاکھ یا اس سے زائد ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔