پنجاب یوتھ فیسٹیول کا پہلا مرحلہ آج سے شروع ہوگا

اسپورٹس رپورٹر  پير 23 دسمبر 2013
256 ایونٹ میں صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جائیگا، 100ورلڈ ریکارڈز ہدف مقرر۔ فوٹو: وسیم نیاز/ایکسپریس/فائل

256 ایونٹ میں صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا جائیگا، 100ورلڈ ریکارڈز ہدف مقرر۔ فوٹو: وسیم نیاز/ایکسپریس/فائل

لاہور: پنجاب یوتھ فیسٹیول کا پہلا مرحلہ پیر سے شروع ہوگا، ایونٹ میں گزشتہ سال 26 ورلڈ ریکارڈ بنائے گئے تھے اور اس دفعہ 100عالمی ریکارڈ بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

یوتھ فیسٹیول میں 50 لاکھ نوجوان حصہ لیں گے جبکہ 40 غیر ملکی ٹیموں کی شرکت بھی متوقع ہے،یوتھ فیسٹیو ل کا پہلا مرحلہ فروری تک مکمل ہوجائے گا جس کے بعد قومی سطح پر مقابلے ہو نگے اور انٹرنیشنل یوتھ فیسٹول کے ایونٹس اپریل 2014 ء تک جاری رہیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی پنجاب یوتھ فیسٹیول کا آغاز کیا ہے اور پیر سے محلے اور گاؤں کی سطح پر شروع ہونے والے مقابلوں کے پہلے مرحلے کیلیے55200 سپورٹس اینڈ یوتھ ڈویلپمنٹ کونسلز قائم کر دی گئی ہیںجو فیسٹیول کے 256 مختلف ایونٹس کی نگرانی کریں گی،پنجاب یوتھ فیسٹیول میں اس سال کھیلوں کے انفرادی اور ٹیم مقابلوں کے علاوہ 20 سے زیادہ میلے بھی لگیں گے جن میں ہارس اینڈ کیٹل شو، لٹریری فیسٹیول، کتاب میلہ اور موسم بہار کا فیسٹیول بھی شامل ہیں۔ آج سے ویلج، نیبر ہوڈکی سطح پر مقابلے شروع ہو جائیں گے جس کے بعد یونین کونسل ، تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبہ کی سطح پر مقابلے ہو نگے۔

 photo 7_zpsf55b8f6a.jpg

اس فیسٹیول میں محلہ، دیہات کی سطح پر 55200سپورٹس اینڈ یوتھ ڈویلپمنٹ کونسلز میں مقابلوں کا انعقاد بیک وقت کیا جائے گا جن میں مقامی سطح کے لوگ شرکت کریں گے ۔تاہم باقاعدہ کھلاڑی صوبائی سطح پر پنجاب نیشنل گیمز میں حصہ لے سکیں گے، آرم ریسلنگ، اتھلیٹکس، بیڈ منٹن، بلیئرڈ، کرکٹ، رسہ کشی اور والی بال کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائیگا۔صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان کا کہنا ہے کہ آئندہ سال یوتھ فیسٹیول سے پہلے پنجاب کو اسپورٹس یونیورسٹی کا تحفہ دینگے، ہربنس پورہ میں 80 کنال پر نوجوانوں کیلیے موٹر سائیکل ہنٹ قائم کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ چھانگا مانگا فارسٹ پارک میں پتنگ اڑانے سمیت دیگر رنگا رنگ ایونٹس پر مشتمل موسم بہار کا خصوصی میلہ بھی پنجاب یوتھ فیسٹیول کا حصہ ہو گا جس میں 40 سے زائد ممالک کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ اس فیسٹیول کے دوران ورلڈ الیون کرکٹ سیریز، باکسنگ لیگ، فٹ بال لیگ، ڈبلیو ڈبلیو ایف مقابلے اور دیگر ایونٹس ہو نگے جبکہ بھارتی پنجاب سے دس ٹیمیں بھی آئیں گی جو انڈو پاک پنجاب مقابلوں میں شرکت کریں گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔