ڈکیتی کی ڈرامائی انداز میں ناکامی کی فوٹیج سامنے آگئی

ویب ڈیسک / اسٹاف رپورٹر  منگل 10 نومبر 2020
پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں (فوٹو : اسکرین گریب)

پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں (فوٹو : اسکرین گریب)

 راولپنڈی: کلرسیداں میں دن دیہاڑے ڈکیتی کی کوشش ڈرامائی انداز میں ناکام ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج ایکسپریس نیوز کو موصول ہوگئی۔

راولپنڈی کے علاقے کلرسیداں میں منی چینجر کی دکان پر ڈکیتی کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ  6 مسلح ڈاکوؤں نے گزشتہ روز ڈکیتی کی کوشش میں مزاحمت پر فائرنگ کرکے گارڈ سمیت 2 افراد کو زخمی کردیا تھا۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 مسلح ڈاکو منی چینجر کی دکان میں داخل ہونے سے پہلے گارڈ کو گولی مارتے ہیں اور دوسرا گارڈ مزاحمت کرتا ہے جس پر مسلح ملزمان جدید اسلحے سے مسلسل فائرنگ کرتے منی چینجر کی دکان میں داخل ہوجاتے ہیں۔

دوسرا سیکیورٹی گارڈ ڈاکوؤں سے مسلسل مقابلہ کرتا ہے اور جوابی فائرنگ کرتا ہے، محافظ سے مقابلہ کرتے ڈاکو منی چینجر کی دکان سے باہر آتے ہیں اور دو موٹر سائیکلوں پر فرار ہوجاتے ہیں۔

پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر رکھا ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں، پولیس کے مطابق ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔