17 ارب منافع والی کے الیکٹرک 3 ارب خسارے میں چلی گئی

احتشام مفتی  منگل 10 نومبر 2020
کے الیکٹرک پر فنانس کاسٹ کا بوجھ  تقریباً 6 ارب سے بڑھ کر 16 ارب روپے ہوگیا، رپورٹ . فوٹو : فائل

کے الیکٹرک پر فنانس کاسٹ کا بوجھ تقریباً 6 ارب سے بڑھ کر 16 ارب روپے ہوگیا، رپورٹ . فوٹو : فائل

 کراچی: کے الیکٹرک کا منافع خسارے میں تبدیل ہوگیا اور 17ارب روپے سے زیادہ منافعے والا ادارہ تقریباً 3ارب روپے کےخسارے میں چلا گیا۔

کے الیکٹرک کی ڈائریکٹرز رپورٹ کے مطابق مالی سال 20-2019 میں کے الیکٹرک کو تقریباً 2 ارب 95 کروڑ روپے خسارے کا سامنا کرنا پڑا تھا جب کہ مالی سال 19-2018 میں کے الیکٹرک کو تقریباً 17 ارب 27 کروڑ روپے کا نفع ہوا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری اداروں سے قابل وصول رقم میں اضافہ اور ٹیرف ایڈجسٹمنٹ میں تاخیر خسارے کی بڑی وجوہات ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک نے سرکاری اداروں سے نیٹ بنیاد پر 80 ارب روپے وصول کرنا ہیں، کے الیکٹرک کو کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے 30 ارب روپے کی ادائیگی کرنا ہے، سرکاری ادارے قابل وصول رقم پر  ہر سال سود میں مسلسل اضافہ کر رہے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک پر فنانس کاسٹ کا بوجھ  تقریباً 6 ارب سے بڑھ کر 16 ارب روپے ہوگیا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مالی سال 2020 میں بھی کمپنی نے 55 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی۔ رپورٹ کے مطابق  الیکٹرک کی جانب سے آئندہ 3 سالوں میں 267 ارب کی سرمایہ کاری کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔