خواتین ارکان اسمبلی کے پاس موجود سونے اورقیمتی زیورات کی تفصیلات جاری

اسٹاف رپورٹر  بدھ 11 نومبر 2020
الیکشن کمیشن نے خواتین ارکان کے اثاثوں میں شامل طلائی زیورات اور دیگر قیتمی دھاتوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں(فوٹو، فائل)

الیکشن کمیشن نے خواتین ارکان کے اثاثوں میں شامل طلائی زیورات اور دیگر قیتمی دھاتوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں(فوٹو، فائل)

 اسلام آباد:  الیکشن کمیشن نے خواتین ارکان اسمبلی  کی زیر ملکیت سونے اور دیگر قیمتی زیورات کی تفصیلات جاری ‏کردیں۔

تفصیلات کے مطابق نفیسہ خٹک 6 تولہ سونے، تین ڈائمنڈ انگوٹھیوں، ایک ڈائمنڈ ٹاپس جبکہ 23 تولہ چاندی کے زیورات کی مالک ہیں۔ عالیہ کامران کے پاس ایک کلو سونے کے زیورات ہیں۔

پارلیمانی سیکرٹری ملیکہ بخاری کے پاس پانچ تولے سونا ہے۔ حنا ربانی کھر کے پاس والد کی جانب سے تحفتاً دیا گیا 31 تولے سونا ہے۔شگفتہ جمانی کے پاس 100 تولے(تقریباً سوا کلو گرام) جبکہ  ناز بلوچ کے پاس چالیس تولہ سونا ہے۔

ارکان اسمبلی کے اثاثوں کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق مہرین بھٹو کے پاس 50 تولہ سونے کے زیورات ہیں۔ زیب جعفر 200 (دو کلو گرام سے زائد ) تولہ سونا جبکہ ڈائمنڈ انگوٹھیوں کی  بھی مالک ہیں۔

مائزہ حمید کے پاس سسر کی جانب سے تحفے میں دیا گیا 80 تولے سونا اور وفاقی وزیر شیریں مزاری کے پاس وراثتی 80 تولہ سونا ہے۔ عندلیب عباس کے پاس پچاس تولے جبکہ عالیہ حمزہ ملک کی ملکیت میں 80 تولے سونا ہے۔

وفاقی وزیر دفاعی پیداوار  زبیدہ جلال کے اثاثوں میں 70 تولہ سونا شامل ہے اور شزا فاطمہ خواجہ کے پاس 210(ڈھائی کلو) تولے اور شازیہ مری کے پاس 25 تولہ سونے کے زیورات ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔