کراچی میں وائٹ کرولا ڈکیت گینگ نے 2 بنگلے لوٹ لیے

اسٹاف رپورٹر  بدھ 11 نومبر 2020
بنگلوں سے ڈاکوؤں کے فنگر پرنٹس اور شواہد اکٹھے کرلیے،جیو فینسنگ بھی کرلی،پولیس
فوٹو، فائل

بنگلوں سے ڈاکوؤں کے فنگر پرنٹس اور شواہد اکٹھے کرلیے،جیو فینسنگ بھی کرلی،پولیس فوٹو، فائل

 کراچی:  ڈیفنس میں نیا وائٹ کرولا ڈکیت گینگ سرگرم ہوگیا اور 24گھنٹے میں ڈیفنس کے 2 بنگوں کا صفایا کردیا۔

7 نومبر کوساحل تھانے کی حدود ڈیفنس فیز8 میں 26 اسٹریٹ پر بنگلہ نمبر بی169  کی دیوارکود کر ڈکیت بنگلے میں داخل ہوئے اور بنگلے کے چوکیدار سے اسلحہ چھین کر اسے یرغمال بنالیا ڈاکوؤں نے مزید 2 سیکیورٹی گارڈز کو بیڈ روم میں تاروں سے باندھ دیا اور لوٹ مار شروع کردی، ڈکیت گروہ آدھے گھنٹے تک بنگلے میں لوٹ مار کرتے ہوئے اور باآسانی  فرار ہوگئے۔

واردات کے بعد سی ٹی وی کمیروں کی فوٹیج سے معلوم ہوا کہ ڈاکوؤں کی تعداد 5 تھی اور وہ وائٹ کرولا کار میں سوار تھے ڈکیت گروہ نے دوسری واردات 8 نومبرکی شب 10 بجے کے قریب درخشاں تھانے کی حدود ڈیفنس فیز5 خیابان مجاہد اسٹریٹ نمبر 27 بنگلہ نمبر1/41 میں کی ڈکیت پچھلی واردات کی طرح دیوار کود کر بنگلے میں داخل ہوئے، بنگلے کے ملازموں کوسرونٹ کوارٹرز میں ان کے ہی کپڑے پھاڑ کر باندھ دیا  اس دوران ایک ڈکیت ملازمین کو یرغمال بنائے کھڑا رہا باقی 3 ڈاکوؤں نے بنگلے میں لوٹ مار شروع کردی۔

ڈاکوؤں نے واردات کے دوران زیورات، نقد رقم، ریوالور،پستول،قیمتی شو پیس (خنجر) لوٹ کر وائٹ کرولا میں فرار ہوگئے، پولیس نے بنگلوں میں ڈکیتی  کے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

پولیس افسران کا کا کہنا ہے کہ دونوں بنگلوں میں ڈکیتی کا واقعہ ماضی کے وائٹ کرولا گینگ کے طریقہ واردات الگ ہے ، واردات کرنے والے ڈکیت پیشہ ور لگتے ہیں ، پولیس دونوں بنگلوں سے ڈاکوؤں کے فنگر پرنٹس اور شواہد اکٹھے کرلیے ہیں، پولیس نے علاقے کی جیو فینسنگ بھی کرلی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔