موٹروے حادثے پر مبنی فلم’’اب بس‘‘ لوگوں کو بھاگئی

ویب ڈیسک  بدھ 11 نومبر 2020
 فلم میں صنم سعید نے مایا کا مرکزی کردار ادا کیا ہے فوٹوانٹرنیٹ

فلم میں صنم سعید نے مایا کا مرکزی کردار ادا کیا ہے فوٹوانٹرنیٹ

کراچی: لاہور موٹروے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے واقعے پر مبنی شارٹ فلم ’’اب بس‘‘ میں دئیے گئے مضبوط پیغام نے لوگوں کو جذباتی کردیا تاہم یوٹیوب پر یہ مختصر فلم لوگوں میں بے حد پسند کی جارہی ہے۔

دوماہ قبل لاہور موٹروے پر خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے سانحے نے جہاں پورے پاکستان کو جھنجھوڑکر رکھ دیاتھا، وہیں اس واقعے نے خواتین کے تحفظ سے متعلق کئی سوالات کھڑے کردئیے کہ کیا ہمارے ملک میں اکیلی عورت بالکل محفوظ نہیں۔

ان تمام سوالوں کو اجاگر کرتی مختصر فلم ’’اب بس‘‘ یوٹیوب پر ریلیز کی گئی ہے۔ فلم میں صنم سعید نے مایا کا مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے فلم میں ایک ایسی خاتون کا کردار ادا کیا ہے جسے کسی ایمرجنسی کی وجہ سے اپنی بیٹی کے ساتھ اکیلے رات میں سفر کے لیے نکلنا پڑتا ہے۔ لیکن سفر کے لیے نکلنے سے پہلے وہ اپنے تحفظ کے لیے کیا کیا تیاریاں کرتی ہیں یہی اس فلم کی اصل کہانی ہے۔

فلم کے آخر میں نہایت مضبوط پیغام دیا گیا ہے’’ اکیلی عورت ذمہ داری ہوتی ہے موقع نہیں‘‘ اس پیغام کو لوگوں میں بے حد پسند کیا جارہا ہے اور لوگ ہدایت کار محسن طلعت کی کاوش کو بہت سراہ رہے ہیں۔ فلم ’’اب بس‘‘ کو یوٹیوب پر اب تک ایک لاکھ 16 ہزار سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔