افغان فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، دو اہلکار ہلاک

ویب ڈیسک  بدھ 11 نومبر 2020
ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا، فوٹو : فائل

ہیلی کاپٹر تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا، فوٹو : فائل

کابل: افغان فضائیہ کا جنگی ہیلی کاپٹر پرواز بھرتے ہی ہچکولے کھاتے ہوئے زمین بوس ہوگیا جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے ننگرہار میں افغان فوج کا جنگی ہیلی کاپٹر ایم آئی -7 ضلع حصارک سے پرواز بھرنے کے کچھ دیر بعد ہچکولے کھانے لگا، پائلٹ نے ہنگامی لینڈنگ کی کوشش کی جس کے دوران ہیلی کاپٹر زمین پر گر کر تباہ ہوگیا۔

امریکی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگی ہیلی کاپٹر میں دوران پرواز تیکنیکی خرابی پیدا ہوگئی تھی۔ حادثے میں دو فوجی اہلکار ہلاک اور دو شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

یہ خبر پڑھیں : کابل یونیورسٹی پر مسلح افراد کے حملے میں جاں بحق طلبا کی تعداد 30 ہوگئی

افغان فضائیہ کے ترجمان نے مزید بتایا کہ حادثے میں دہشت گردی کے عنصر کا امکان نہیں، حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا جب کہ تکینیکی خرابی کا تعین کرنے کے لیے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔

اسپتال انتظامیہ نے میڈیا کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد چار اہلکاروں کو اسپتال لایا گیا ہے جن میں سے دو مردہ حالت میں لائے گئے تھے جب کہ ایک زخمی کی حالت نازک ہے۔

واضح رہے کہ قطر میں بین الافغان مذاکرات تاحال کامیاب نہیں ہوسکے ہیں جب کہ اس دوران پُرتشدد کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور حال میں ہی کابل یونیورسٹی میں حملے میں 30 طلبا جاں بحق ہوگئے تھے۔

 

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔