بالی ووڈ اداکار آصف بسرا کی گھر سے پھندا لگی لاش برآمد

ویب ڈیسک  جمعرات 12 نومبر 2020
آصف بسرا کی لاش اُن کے پرائیوٹ کمپلیکس میں چھت سے لٹکتی ہوئی ملی، پولیس۔ فوٹو: فائل

آصف بسرا کی لاش اُن کے پرائیوٹ کمپلیکس میں چھت سے لٹکتی ہوئی ملی، پولیس۔ فوٹو: فائل

 ممبئی: بالی ووڈ کی فلموں میں کامیڈی اور سنجیدہ دونوں طرح کے کردار ادا کرنے والے اداکار آصف بسرا نے اپنے فلیٹ میں پھندا لگا کر خودکشی کرلی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 53 سالا اداکار آصف بسرا بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے شہر دھرم شالہ میں واقع پرائیویٹ کمپلیکس میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے پر اداکار آصف بسرا کے پرائیوٹ کمپلیکس پہنچے تو اُن کی لاش چھت سے لٹکتی ہوئی ملی، تاحال خودکشی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی اور نہ ہی اداکار کے پاس سے خودکشی کا کوئی نوٹ ملا، فرانزک ٹیم نے جائے وقوع  سے شواہد جمع کرلیے ہیں اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔

ایس ایس پی کنگرا رنجن نے کہا کہ آصف بسرا  گزشتہ 5 سال سے کرائے کے فلیٹ میں رہ رہے تھے، خودکشی کی وجہ اب تک معلوم نہیں ہوسکی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

بالی ووڈ انڈسٹری میں اداکار کی موت کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، بہت سے اداکاروں نے آصف بسرا کی موت پر دکھ کا اظہار کیا۔ اداکار منوج باجپائی نے اپنی ٹویٹ میں اس خبر پر حیرانگی اور افسوس  کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ لاک ڈاؤن سے قبل ہی میں نے آصف  کے ساتھ شوٹ کی تھی۔

یہ پڑھیں: بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے خود کشی کرلی 

واضح رہے کہ گزشتہ چھ ماہ کے دوران کئی اداکار خودکشی کرکے موت کو گلے لگا چکے ہیں۔ معروف اداکار سشانت سنگھ راجپوت نے بھی پھندا لگا کر خودکشی کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔