56 شہروں میں موبائل فون بند، کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈبل سواری پر پابندی

راولپنڈی شہرکے مختلف راستوں کوسیل کردیاگیا، فوج،رینجرزکاگشت شروع،فوٹو: فائل

راولپنڈی شہرکے مختلف راستوں کوسیل کردیاگیا، فوج،رینجرزکاگشت شروع،فوٹو: فائل

کراچی / لاہور / اسلام آ باد: چہلم شہدائے کربلاکے موقع پر کراچی اور سندھ کے کئی شہروں سمیت ، اسلام آباد،راولپنڈی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیاگیا،بڑے شہروںمیںفوج کے دس ہزاراہلکار خدمات سرانجام دینگے۔

56 شہروں میں فون سروس بندرکھنے کی سفارش کی گئی ہے ،راولپنڈی،کراچی اوردیگرشہروں میں ڈبل سواری پر پابندی عائدکردی گئی ہے۔ جبکہ راولپنڈی میں حالات بدستورکشیدہ ہیں،علما کی گرفتاریاں جاری ہیں ، شہرکے مختلف راستوں کوسیل کردیاگیا، فوج،رینجرزکاگشت شروع، تفصیلات کے مطابق چہلم حضرت امام حسین کے موقع پر محکمہ داخلہ سندھ نے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا دائرہ کار صوبے بھرمیں وسیع کردیا جبکہ موبائل فون سروس بھی آج صوبے بھر میں بند رہے گی ، کراچی ، حیدرآباد سمیت حساس اضلاع میں فوج بھی پہنچ گئی ہے ، پولیس کی سفارش پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری کا دائرہ 6 اضلاع تک پھیلادیا جوکہ 25 دسمبر کی شب بارہ بجے تک ہوگی ۔

اسی طرح محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں اسلحے کی نمائش پر پابندی بھی دو روز سے بڑھا کر10 روز تک کردی ہے ، محکمہ داخلہ کے مطابق کراچی میں موبائل فون سروس صبح 7 بجے سے رات10 بجے تک ، حیدرآباد میں صبح9 بجے سے رات 10 بجے تک ، سکھر میں صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک ، میرپور خاص میں صبح 7 سے رات 12 بجے تک معطل رہے گی ۔ وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے پیر کی شب رات12بجے کے بعد سے24 گھنٹے کے لیے ڈبل سوار عائد کیے جانے کی اطلاع ملنے پر پولیس مافیا مغرب کے بعد سے ہی سرگرم ہو گئی اور اور آفس سے گھروں کو جانے والے نوجوانوں کو روک کر ڈبل سواری کے الزام میں بند کر دینے کی دھمکیاں دے کر ان سے پیسے بٹورنا شروع کردیے، پشاور میںدفعہ 144کے تحت افغان مہاجرین کی شہرمیں داخلہ بند کردیا گیا،راولپنڈی اسلام آبادسیمت56شہروںمیں موبائل فون سرورمعطل کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے، پی ٹی اے کی جانب سے سیلولرکمپنیوں کوتحریری طورپرہدایات جاری کی گئیں ہیں کہ حساس شہروں میں صبح 8 بجے سے ماتمی جلوسوں کے اختتام پذیرہونے تک موبائل فون سروس معطل کردی جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔