لڑکے کو جوتا چاٹنے پر مجبور کرنیوالے 2 ملزم گرفتار، مقدمہ درج

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 13 نومبر 2020
 ملزمان منہاج اور عمران پولیس حراست میں ۔  فوٹو : ایکسپریس

ملزمان منہاج اور عمران پولیس حراست میں ۔ فوٹو : ایکسپریس

 کراچی:  نیو ٹاؤن پولیس نے نوعمر لڑکے کے ساتھ بدسلوکی کی وڈیو بنانے والے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے انھیں گرفتارکرلیا۔

چند روز سے سوشل میڈیا پر ایک وڈیو گردش کررہی تھی جس میں ایک شخص نوعمر لڑکے کو اسلحے کے زور پر اپنا جوتا چاٹنے پر مجبور کررہا ہے جبکہ اس کا دوسرا ساتھی موبائل فون سے وڈیو بھی بنارہا ہے۔

وڈیو میں دیکھا گیا کہ جان جانے کے خوف سے نوعمر لڑکا جوتے چاٹ رہاہے، واقعہ بہادرآباد میں پیش آیاتھا ،متاثرہ نوعمر لڑکے فہد نے گزشتہ ماہ نیوٹاؤن تھانے میں درخواست جمع کرائی تھی پولیس نے ملزمان منہاج اور اس کے ساتھی عمران کو گرفتار کرلیا۔

واقعے کی وڈیو سوشل میڈیا پر عام ہونے کے بعد ایس ایس پی ایسٹ ساجد امیر سدوزئی کے حکم پر ایس ایچ او نیوٹاؤن نے ملزمان کو گرفتار کیا۔

اطلاعات کے مطابق ملزمان بااثرہیں اور پولیس ان کے خلاف کارروائی سے گریز کررہی تھی ، اس سے قبل ملزمان منہاج اور عمران کی ایسی تصاویر بھی سامنے آئی تھیں جن میں وہ آٹومیٹک ہتھیاراٹھائے ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔