کے ایم سی بلڈنگ میں کونسل ہال کی عمارت تعمیر کی جائے، ایڈمنسٹریٹر

اسٹاف رپورٹر  منگل 24 دسمبر 2013
نئی عمارت ہر لحاظ سے مستقبل کی ضروریات اور تقاضوں کے عین مطابق ہو،رؤف اختر فاروقی کی انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت  فوٹو : فائل

نئی عمارت ہر لحاظ سے مستقبل کی ضروریات اور تقاضوں کے عین مطابق ہو،رؤف اختر فاروقی کی انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت فوٹو : فائل

کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر رؤف اختر فاروقی نے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی ہے کہ اولڈ کے ایم سی بلڈنگ میں کونسل ہال کی نئی عمارت کی تعمیر کیلیے پی سی ون تیار کیا جائے تاکہ اس پر فوری کام شروع کیا جاسکے۔

بلدیہ عظمیٰ کراچی کی آئندہ کونسل کی تشکیل سے قبل اس منصوبے کو مکمل کیا جائے،یہ بات انھوں نے کے ایم سی بلڈنگ میں نئے کونسل ہال کیلیے جگہ مختص کرنے کیلیے عمارت کا دورہ کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل انجینئرنگ نیاز سومرو، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر ہیومن ریسورس مینجمنٹ طاہر جمیل درانی، ڈائریکٹر کونسل غفران احمد، ڈائریکٹر نائب ناظم سیکریٹریٹ رضیہ سلام روحی، ڈائریکٹر آرکائیوز عدنان قریشی، چیف انجینئر بلڈنگز ایس ایم طحٰہ، سپرنٹنڈنگ انجینئر طارق امیر، ڈائریکٹر سم شاہد سکندر اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کونسل ہال کا بھی معائنہ کیا ، وہاں اراکین کے بیٹھنے کیلیے دستیاب گنجائش کا جائزہ لیا، انھوں نے کہا کہ کہ کے ایم سی کی تاریخی عمارت میں قائم موجودہ کونسل ہال سٹی کونسل کے اراکین کی تعداد میں مسلسل اضافے کے باعث ناکافی ہوگا جبکہ اس ہال میں مزید نشستوں کی گنجائش بڑھانا نا ممکن ہے لہٰذا کے ایم سی بلڈنگ کی حدود میں ہی ایک نیا کونسل ہال تعمیر کیاجائے جہاں مستقبل میں350 سے زائد ارکان کیلیے نشستوں کی گنجائش ہو اور یہاں کونسل کے اجلاس زیادہ بہتر طریقے سے منعقد ہوسکے ۔

انھوں نے کہا کہ 1979 میں سٹی کونسل کے ارکان کی تعداد 166 تھی جو 1983 میں بڑھ کر 232 ہو گئی تھی اور 1987 میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز بننے کی وجہ سے سٹی کونسل کے ارکان کی تعداد 77 تھی اور 2001 کی سٹی کونسل میں ارکا ن کی تعداد 255 تھی جبکہ اندازے کے مطابق آئندہ سٹی کونسل میں 358 کے قریب ارکان ہونگے، اس کے علاوہ کونسل ہال کے ساتھ اسٹاف آفس اور جدید خطوط پر پریس گیلری اور وزیٹر گیلری کا ہونا بھی ِضروری ہے ، نئے کونسل ہال کی ڈیزائننگ میں یہ تمام امور پیش نظر رکھے جائیں اور کوشش کی جائے کہ کونسل ہال کی نئی عمارت ہر لحاظ سے مستقبل کی ضروریات اور تقاضوں کے عین مطابق ہو ،انھوںنے کہا کہ کونسل ہال کی تعمیر کیلیے انیکسی بلڈنگ اور ملحقہ اراضی کو ملا کر ابتدائی انجینئرنگ شروع کردی جائے تاکہ پی سی ون کی منظوری کے فوری بعد اس پر تعمیراتی کام کا آغاز کیا جاسکے، کونسل ہال کی چھت کیلیے فائبر شیٹس کا استعمال کیا جائے اور اسٹیل اسٹرکچر کے ذریعے اسے پائیدار اور خوبصورت بنایا جائے ، منصوبے کو ہر لحاظ سے بہتر بنانے کیلیے ہر قسم کی تجاویز پر غور کیا جائے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔