زمین کی الاٹمنٹ، فردوس شمیم بھی نیب کے ریڈار پر آگئے

کورٹ رپورٹر  جمعـء 13 نومبر 2020
سردار چانڈیو کی بھی عبوری ضمانت منظور ،منظور وسان کیخلاف انکوائری رپورٹ طلب
 (فوٹو: فائل)

سردار چانڈیو کی بھی عبوری ضمانت منظور ،منظور وسان کیخلاف انکوائری رپورٹ طلب (فوٹو: فائل)

 کراچی:  پاکستان تحریک انصاف کے فردوس شمیم نقوی بھی نیب کے ریڈار پر آگئے جب کہ سندھ ہائیکورٹ نے رکن سندھ اسمبلی کی 10 لاکھ روپے کی عبوری ضمانت منظور کرلی۔

سندھ ہائیکورٹ میں فردوس شمیم نقوی کی درخواست ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی، درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ نیب نے فردوس شمیم نقوی کو طلبی کے لیے دوبارہ نوٹس بھیجا ہے، نیب حبیب گروپ آف کمپنیز کو زمین کی الاٹمنٹ کے معاملے پر تحقیقات کررہا ہے، حبیب گروپ آف کمپنیز کو 2006 میں 30 سالہ لیز پر زمین الاٹ کی گئی تھی۔

عدالت نے فردوس شمیم نقوی کی10 لاکھ روپے میں عبوری ضمانت منظور کرلی، عدالت نے27 نومبر تک نیب کو فردوس شمیم نقوی کی گرفتاری سے روک دیا۔

دریں اثنا سندھ ہائیکورٹ نے پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سردار خان چانڈیو کی عبوری ضمانت منظور کرلی سندھ ہائیکورٹ نے منظور وسان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق اب تک ہونے والی انکوئری کی رپورٹ طلب کرلی۔

جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو منظور وسان کیخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق نیب کی انکوئری سے متعلق درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔