20 ارب روپے مالیت کی 751 کلو کرسٹل اور ہیروئن پکڑی گئی

اسٹاف رپورٹر  جمعـء 13 نومبر 2020
خفیہ اطلاع کے بعد ڈی جی کوسٹ گارڈز کی ہدایت پر آپریشن 3 راتوں تک جاری رہا۔ فوٹو: فائل

خفیہ اطلاع کے بعد ڈی جی کوسٹ گارڈز کی ہدایت پر آپریشن 3 راتوں تک جاری رہا۔ فوٹو: فائل

 کراچی:  کوسٹ گارڈز نے کارروائی کرتے ہوئے 751کلو گرام اعلی کو الٹی کی کرسٹل اور ہیروئن برآمد کرلی۔

ترجمان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ پسنی (بلوچستان) سے بھاری مقدار میں منشیات بیرون ملک اسمگل ہونے کا خدشہ ہے۔جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے متعلقہ کمانڈر کو 3 مختلف اطراف سے سرچ آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کی اور ساتھ ساتھ سمندری راستے کو بھی لانچوں اکے ذریعے بلاک کر دیا گیا۔

مزید برآں ریڈار کی مدد سے لانچوں کی آمد ورفت کے اوپر نظر رکھی اور ضروری چیکنگ عمل میں لائی گئی۔ یہ آپریشن مسلسل 3 راتوں تک جاری رہا جس میں تازہ دم دستوں سے کمک مہیا کی جاتی رہی۔

سرچ پارٹیوں کی کوششوں کے بعد پسنی کے قریب تنگ بازکے پہاڑی علاقوں کے درمیان چھپائی گئی 143کلو گرام اعلی کوالٹی کی کرسٹل اور 608کلو گرام ہیروئن برآمد کر لی گئی۔ پکڑی جانے والی منشیات کی مالیت انٹرنیشنل مارکیٹ میں 20ارب روپے کے لگ بھگ ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔