کمانڈو جرنیل کی بہادری سامنے آگئی، ما تحتوں کو سزا دلوانا چاہتا ہے، صدر ممنون حسین

اسلم خان / خصوصی رپورٹ  منگل 24 دسمبر 2013
عملی سیاست سے الگ ہوچکا،سندھ میں کوٹا سسٹم سے نفرتیں بڑھیں، خاتمے کیلیے آئینی ترمیم کے حق میں ہوں، ایکسپریس سے خصوصی گفتگو ۔ فوٹو: فائل

عملی سیاست سے الگ ہوچکا،سندھ میں کوٹا سسٹم سے نفرتیں بڑھیں، خاتمے کیلیے آئینی ترمیم کے حق میں ہوں، ایکسپریس سے خصوصی گفتگو ۔ فوٹو: فائل

اسلام آ باد:  صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ سندھ میں کوٹا سسٹم کا خاتمہ انکی سب سے بڑی خواہش رہی ہے۔

جس کی وجہ سے شہری اور دیہی سندھ میں نفرتوں کی خلیج گہری ہوتی چلی گئی،1973ء میں وفاقی ملازمتوں میں کوٹا سسٹم صرف دس سال کیلیے نافذ کیا گیا تھا لیکن اب40سال ہونے کو آئے ہیں لیکن اس غیر منصفانہ قانون سے جان نہیں چھڑائی جاسکی۔ انھوں نے کہا کہ صدر مملکت کا حلف اٹھانے کے بعد میں عملی سیاست سے الگ ہو چکا ہوں لیکن سندھ میں کوٹہ سسٹم کے خاتمے کیلیے آئینی ترمیم لانے کے حق میں ہوں۔ وہ روزنامہ ایکسپریس کے کالم نگار محمد اسلم خان کے اعزاز میں ظہرانے کے بعد گفتگو کررہے تھے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ ملک میں بدانتظامی اور لاقانونیت کے ذمے دار مارشل لا لگانے والے چار جرنیل اور ان کے غیر آئینی اقدامات کو قانونی جواز فراہم کرنیوالے جج ہیں جس کا خمیازہ اب ساری قوم بھگت رہی ہے۔

سابق صدر پرویز مشرف پر غداری کے مقدمے کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کمانڈو جرنیل ویسے تو بڑا بہادر بنتا تھا لیکن اب اس کی اصل حقیقت کھل کر سامنے آ رہی ہے اس کی بزدلی کی یہ انتہا ہے کہ وہ اپنے جرائم کی سزا ماتحتوں کو دلوانا چاہتا ہے جو نظم و ضبط کیوجہ سے اسکے غیر قانونی اور غیر آئینی احکامات پر عملدرآمد کرنے کے پابند تھے۔

انھوں نے بتایا کہ کراچی میں لسانی سیاست کیوجہ سے اردو زبان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا، ساری قوم اردو بولنے والوں کی عقل ودانش اور تہذیب وتمدن کی معترف تھی لیکن اردوکے نام پر ہونیوالی لسانی سیاست نے اردو بولنے والوں کی شناخت کو بگاڑ کر رکھ دیا، میں مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر کی حیثیت سے ماضی میں بھی ان خیالات کا کھل کر اظہارکرتا رہا ہوں، سندھ کے دیہی عوام کی غربت اور بے بسی دیکھ کر میرا دل بہت کڑھتا ہے، پنجاب میں وزیراعلیٰ شہباز شریف نے دس مہینے کی ریکارڈ مدت میں میٹرو بس کا منصوبہ مکمل کر کے ترقی کی نئی مثال قائم کر دی ہے ۔

جبکہ سندھ میں یہ حال ہے کہ موہنجو داڑو ائیرپورٹ سے لاڑکانہ شہر تک40کلومیٹر سڑک گزشتہ 5سال سے زیرتعمیر ہے اورکسی طرح مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ سبزیوں اور زرعی اجناس کی ہوشربا قیمت کا ذکر کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ کھیت منڈی تک سڑکوں کی تعمیر اور کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرا کے مستقبل میں ایسی سنگین صورتحال سے بچا جا سکتا ہے، اگر بھارتی پنجاب میں زراعت ترقی کر سکتی ہے تو ہمارے ہاں ایسا کیوں نہیں ہو رہا، ڈیڑھ گھنٹے پر محیط گفتگو میں انہوں نے اپنے بچپن کی یادیں، تقسیم ہند اور مشرقی پاکستان کے حوالے سے دلچسپ واقعات بیان کیے۔ دریں اثنا صدر ممنون حسین 25دسمبر کو قائداعظم کی سالگرہ اسلام آباد کے سرکاری اسکولوں کے بچوں اور بچیوں کیساتھ ایوان صدر میں منائیں گے، تمام بچوں کو صدر مملکت کیطرف سے تحائف بھی پیش کیے جائیں گے۔ اس رنگا رنگ تقریب میں بچے قومی ترانے، تقریری مقابلے اور ٹیبلوز بھی پیش کرینگے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔