شہریوں سے پیسے بٹورنے میں ملوث جعلی سائبر کرائم سرکل کے ایڈیشنل ڈائریکٹر گرفتار

ویب ڈیسک  جمعـء 13 نومبر 2020
پیسوں کی وصولی کیلیے غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے، سائبر کرائم سرکل

پیسوں کی وصولی کیلیے غیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے، سائبر کرائم سرکل

کراچی: ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی سرگرمیوں اورشہریوں سے پیسے بٹورنے میں ملوث جعلی سائبرکرائم سرکل کے ایڈیشنل ڈائریکٹرکوگرفتارکرلیا ۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر فیض اللہ کوریجو سائبر کرائم سرکل کے مطابق کارروائی کے دوران گرفتارملزم کبھی سندھ پولیس کا جعلی اے ایس پی، تو کبھی ایف آئی اے کا جعلی ایڈیشنل ڈائریکٹر بن کر شہریوں کو بیوقوف بنارہا تھا، گرفتار ملزم نے ایف آئی اے کی جعلی آئی ڈی اور دفتر بھی بنا رکھا تھا۔

فیض اللہ کوریجو کے مطابق گرفتار ملزم عرفان خان شہریوں کو دھمکیاں دینے اور پیسوں کی وصولی کے لئے غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے،ملزم شہریوں کو جھانسہ دینے کے لیے خود کو سی ایس ایس پاس افسر ظاہرکرتا تھا جب کہ شہریوں کو ڈرانے کے لیے اپنی اہلیہ کو ایڈیشنل سیشن جج کے طورپرمتعارف کروایا کرتا تھا،ملزم کے قبضے سے ملنے والے موبائل فون، الیکٹرانک ڈیوائس اور یو ایس بی سے کئی متاثرین کا ریکارڈ مل گیا۔

فیض اللہ کوریجو نے کہا کہ ملزم کے پاس سے پانچ فائلیں ملی ہیں جن میں کبھی ڈی جی،کبھی ایف آئی اے، کبھی اے ایس پی اور دیگر جعلی اداروں کا افسر بن کر لوگوں کو ڈراتا تھا، ملزم کا زیادہ تر کام ریکوری کا تھا، ملزم کے قبضے سے مختلف بینکوں کے  چیک، بینک اسٹیٹمنٹ بھی مل گیا ہے، ملزم عرفان ترین نے جعلی ایف آئی اے کی ای میل آئی ڈی بھی بنا رکھی ہے، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔