پشاور میں دھماکے سے تباہ چرچ کی بحالی کیلیے فنڈ جمع کرینگے، بلاول

اسٹاف رپورٹر  منگل 24 دسمبر 2013
کراچی: قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ اور کرسمس کے سلسلے میں نیشنل میوزیم میں تقریب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کیک کاٹ رہے ہیں (فوٹو :محمد ثاقب)

کراچی: قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ اور کرسمس کے سلسلے میں نیشنل میوزیم میں تقریب میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کیک کاٹ رہے ہیں (فوٹو :محمد ثاقب)

کراچی: پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اعلان کیا ہے کہ بم دھماکے میں متاثر ہونے والے پشاور چر چ کی بحالی کیلیے پیپلز پارٹی فنڈز جمع کرے گی اور اسی طرح فنڈز دیگر چرچزکے لیے بھی جمع کیے جائیں گے پیپلز پارٹی اقلیتوں کی واحد نمائندہ جماعت ہے یہ اعلان انھوں نے پیر کو نیشنل میوزیم میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے138 ویں یوم پیدائش اور کرسمس کی تقریب کے موقع پر منتظمین سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خصوصی شرکت کی اور قائداعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش اور کرسمس کا کیک کاٹا ۔ اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شریں رحمن ، وزیراعلیٰ سندھ کی معاون خصوصی برائے ثقافت شرمیلا فاروقی ، پیپلز پارٹی منارٹی ونگ کے صدر مشتاق مٹو ، بشپ کراچی صادق ڈینیئل ، فادر جوزف اور دیگر نے بھی شرکت کی، تقریب میں منارٹی سے تعلق رکھنے والی مسیحی برادری ، ہندو برادری اور سکھ برادری کے افراد بڑی تعداد میں شریک ہوئے ۔

بشپ کراچی نے استقبالیہ کلمات کہے ۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تقریب کے دوران شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پشاور چرچ کی بحالی کے لیے فنڈز جمع کیے ہیں اور دیگر چرچز کے لیے بھی فنڈز جمع کیے جائیں گے، انھوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے منارٹی کے حقوق اور ان کی مذہبی آزادی کی بات کی ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں مسلم ، مسیحی ، سکھ ، ہندو ، پارسی اور تمام اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے موجود ہیں ۔ ہماری جماعت یقین دلاتی ہے کہ وہ پشاور چرچ کی بحالی اور بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں کی مدد کے لیے فنڈز جمع کرے گی ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔