ملتان سلطانز کو سپر اوور میں شکست؛ کراچی کنگز فائنل میں پہنچ گئی

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 نومبر 2020
کراچی کنگزنے سپر اوور میں ملتان سلطانزکو 4 رنز سے شکست دی ۔ فوٹو : پی ایس ایل

کراچی کنگزنے سپر اوور میں ملتان سلطانزکو 4 رنز سے شکست دی ۔ فوٹو : پی ایس ایل

 کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو کے کوالیفائر ون میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد سپر اوور میں کراچی کنگز ملتان سلطانز کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 5 کے پہلے کوالیفائر میچ میں کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا میچ ٹائی ہوگیا، ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 141 رنز بنائے جب کہ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز نے بھی 141 رنز بنائے جس کے بعد سپراوور میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو جیت کےلیے 14 رنزکا ہدف دیا تاہم ملتان سلطانز کی ٹیم صرف 9 رنز ہی بناسکی اور کراچی کنگز میچ 4 رنز سے جیت کر فائنل میں پہنچ گئی۔

سپر اوور سے پہلے کوالیفائر ون میں کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم 65 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، کپتان عماد وسیم 27 جب کہ ہیلز نے 22 رنز بنائے۔ ملتان سلطانز کے سہیل تنویر نے 3 جب کہ محمد الیاس، عمران طاہر اور شاہد آفریدی نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر بالنگ کا فیصلہ کیا اور حریف ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ملتان سلطانز کے روی بوپارہ 40 رنز بنا کر ٹاپ اسکور اور سہیل تنویر 25 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ذیشان اشرف نے 21 رنز، ایڈم لیتھ 9، کپتان شان مسعود 3، ریلے روسو 5، خوشدل شاہ 17 اور شاہد آفریدی نے 12 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے 1 جب کہ وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ  سے قبل آنجہانی کوچ ڈین جونز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا، ان کی تصویر لگا کر احترام میں خاموشی اختیار کی گئی، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں نے گراؤنڈ میں جمع ہوکر ڈین جونز کے نام کا پہلا حرف ڈی بنایا، اور سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ میں شرکت کی۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1327557063308939265?s=20

واضح رہے مارچ میں پی ایس ایل 5کا لیگ مرحلہ مکمل ہونے کے بعد پلے آف میچز کورونا وائرس کی وجہ سے تعطل کا شکار ہوگئے تھے، 8 ماہ بعد ایونٹ کے چیمپئن کا فیصلہ کرنے کیلیے جنگ چھڑ چکی ہے اور خالی میدان میں جوش سے بھرے کرکٹرز سماں باندھنے کو تیار ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔