کشمور میں زیادتی کا شکار بچی کراچی میں بچوں کے اسپتال منتقل

اسٹاف رپورٹر  ہفتہ 14 نومبر 2020
بچی بغیر وینٹیلیٹر کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہے

بچی بغیر وینٹیلیٹر کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہے

 کراچی: صوبہ سندھ کے ضلع کشمور میں زیادتی کا نشانہ بننے والی 4 سالہ بچی کو کراچی میں قومی ادارہ برائے صحت اطفال منتقل کردیا گیا۔

بچی بغیر وینٹیلیٹر کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج ہے، سرجیکل ٹیم اس کے معائنے کے بعد مزید علاج پر غور کرے گی۔

قومی ادارہ برائے صحت اطفال کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جمال رضا کے مطابق بچی کا پہلے چانڈکا میڈیکل سینٹر لاڑکانہ میں آپریشن کیا جاچکا ہے اور اسے سانس لینے میں تکلیف کی وجہ سے سینے میں ٹیوب ڈالی گئی ہے۔

چار سالہ بچی اس وقت قومی ادارہ برائے امراض اطفال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں بغیر وینٹیلیٹر کے زیر علاج ہے جبکہ اس کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے، اس کا سرجیکل ٹیم معائنہ کرے گی جس کے بعد مزید علاج پر غور کرے گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کراچی سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو نوکری کا جھانسہ دے کر کشمور لے جایا گیا جہاں ملزمان نے خاتون اور اس کی 4 سالہ بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا، پولیس کے مطابق خاتون نے زیادتی کی تفصیلات کشمور کے تھانے میں 10 نومبر کو درج کرائی تھیں، پولیس نے چھاپہ مار کر ایک ملزم رفیق کو گرفتار کرلیا جو اب اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا ہے جبکہ دوسرا ملزم خیراللہ بگٹی بھی پولیس کی حراست میں ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔