امریکی خفیہ اداروں کے افسران میں کورونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا

ویب ڈیسک  ہفتہ 14 نومبر 2020
متعدد افسران میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ایک بڑی تعداد کو گھروں پر قرنطینہ کردیا گیا ہے۔(فوٹو، فائل)

متعدد افسران میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ایک بڑی تعداد کو گھروں پر قرنطینہ کردیا گیا ہے۔(فوٹو، فائل)

 واشنگٹن: صدر ٹرمپ کی سیکیورٹی پر تعینات امریکی خفیہ اداروں کے متعدد افسران کورونا وائرس میں مبتلا ہوکر گھروں تک محدود ہوگئے ہیں۔

گزشتہ روز نیویارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ میں شایع ہونے والی خبروں کے مطابق امریکی صدر کی حفاظت پر متعین خفیہ اداروں کے متعدد افسران کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں۔

خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ اس صورت حال سے آگاہی رکھنے والے امریکی حکام نے متعدد افسران کے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق تو کی ہے تاہم ٹھیک ٹھیک تعداد بتانے سے گریز کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وائرس سے متاثر ہونے والے افسران کے علاوہ خفیہ ادارروں کے عملے کی ایک بڑی تعداد خود کو قرنطینہ کرچکی ہے۔

واشنگٹن پوسٹ نے کورونا سے متاثر ہونے والے خفیہ اداروں کے اہل کاروں کی تعداد تو نہیں بتائی ہے تاہم اس کے مطابق صدر کی سیکیورٹی پر مامور عملے کے دس فیصد اہلکاروں کو قرنطینہ کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب نیویار ک ٹائمز کا دعویٰ ہے کہ خفیہ ادارے کے کم از کم 30 افسران کو کورونا ہوچکا ہے جب کہ 60 اہل کاروں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا میں کورونا کی نئی لہر شدت پکڑ رہی ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ ، خاتون اول سمیت متعدد امریکی اعلیٰ حکومتی شخصیات بھی اس وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔

جون ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اس وقت تک امریکا میں 1 کروڑ 75 لاکھ 7 ہزار سے زائد افراد وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور وبا سے مرنے والوں کی تعداد ڈھائی لاکھ تک جا پہنچی ہے جب کہ یومیہ 3 لاکھ کیسز کی تشخیص کی بلند تریں سطح عبور ہوچکی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔