قومی ہاکی نیشنل بینک نے نیوی کو4-2سے مات دے دی

اسپورٹس رپورٹر  منگل 24 دسمبر 2013
سوئی سدرن گیس نے پولیس کو 4-1 سے ٹھکانے لگادیا،آج پی آئی اے اور آرمی کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی ،ایچ ای سی کا سامنا واپڈا سے ہوگا   فوٹو: فائل

سوئی سدرن گیس نے پولیس کو 4-1 سے ٹھکانے لگادیا،آج پی آئی اے اور آرمی کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی ،ایچ ای سی کا سامنا واپڈا سے ہوگا فوٹو: فائل

لاہور: قومی ہاکی چیمپئن شپ میں نیشنل بینک نے نیوی کو 4-2 سے مات دے دی، فاتح ٹیم کیلیے اختر علی اور محمد توثیق نے گیند کو جال کی راہ دکھائی۔

حریف ٹیم کا خسارہ دونوں مرتبہ شیر علی نے کم کیا، سوئی سدرن گیس نے پولیس کو یکطرفہ مقابلے میں4-1 سے ٹھکانے لگادیا، منگل کو ایونٹ کے مزید 2 مقابلے ہوں گے۔ پہلا میچ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور واپڈا کی ٹیموں کے درمیان دوپہر 12 بجے کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے مقابلے میں پی آئی اے کی ٹیم آرمی کے خلاف دوپہر ڈھائی بجائے ایکشن میں دکھائی دے گی۔تفصیلات کے مطابق قومی ہاکی چیمپئن شپ کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے جوہر ہاکی اسٹیڈیم جوہر ٹائون لاہور میں جاری ہیں۔ پہلے میچ میں نیشنل بینک نے نیوی کو 2کے مقابلے میں4گول سے شکست دی۔ نیشنل بینک کی ٹیم اس وقت پہلے گول کی برتری حاصل ہو ئی جب اخترعلی نے پنالٹی کارنر پر گیند کو جال کا راستہ دکھایا، اس صورت حال کے بعد نیوی نے گول کا خسارہ کم کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو سکی،کھیل کے32ویں منٹ میں این بی پی کی ٹیم ایک بار پھر پنالٹی کارنر حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی ،اس بار اختر علی کی بجائے محمد توثیق پنالٹی کارنر لگانے کے لیے میدان میں آئے اور انھوں نے بغیر کوئی غلطی کیے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری دگنا کر دی ۔

تاہم صرف 2منٹ کے بعد نیوی کے علی شیر نے پنالٹی کارنر پر گیند کو جال کی راہ دکھا کر اسکور 2-1 کر دیا۔دوسرے ہاف میں نیشنل بینک نے پہلے ہاف کی نسبت زیادہ بہتر کھیل پیش کیااور 40ویں منٹ میں محمد توثیق کے ہی گول کے ذریعے حریف سائیڈ کے خلاف ایک کے مقابلے میں3 گول کی برتری حاصل کر لی۔ابھی نیوی گول کا خسارہ کم کرنے کی تگ و دو میں ہی مصروف تھی کہ اختر علی نے ایک اور گول کر کے اسکور4-1کردیا۔صرف ایک منٹ کے بعد نیوی کے علی شیر نے اپنی ٹیم کی طرف سے دوسرا گول کر دیا۔کھیل کے آخری 14منٹ میں دونوں ٹیموں نے مزیدگول کرنے کی کوشش کی لیکن مواقع ملنے کے باوجود فارورڈز گیند کو جال میں نہ پھینک سکے اور مقابلہ 4-2 پر ختم ہوا۔

دوسرے مقابلے میں سوئی سدرن گیس نے پولیس کو یکطرفہ مقابلے میں4-1 سے زیر کیا۔دونوں ٹیموں نے کھیل کے آغاز میں شاندار کھیل پیش کیا،ایک دوسرے پرسبقت حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن سوئی گیس کی ٹیم حریف سائیڈ پر اس وقت برتری لے جانے میں کامیاب ہوئی جب عدنان نے 16ویں منٹ میں گیند کو جال کی راہ دکھا ئی۔ پہلے ہاف کے ختم ہونے تک کوئی بھی ٹیم مزید گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ دوسرے ہاف کے شروع ہونے کے صرف 2 منٹ کے بعد سوئی گیس نے ایک عمدہ موو بنائی اور شرجیل نے اس بار حریف سائیڈ کی دفاعی لائن کی دھجیاں اڑاتے ہوئے گیند کو بڑی خوبصورتی کے ساتھ جال کا راستہ دکھا دیا۔اس نازک موقع پر نیوی کے کھلاڑیوں نے ہمت ہارنے کی بجائے عمدہ کم بیک کرنے کی کوشش کی جس میں وہ اس وقت کامیاب بھی رہی جب عاطف نے فیلڈ گول کر کے اسکور 2-1کر دیا۔کھیل کے 60ویں منٹ میں شکیل عباسی نے گول کر کے سوئی گیس کی برتری3-1 کر دی۔کھیل ختم ہونے کے صرف2 منٹ قبل ذیشان بخاری نے سوئی گیس کی طرف سے چوتھا گول کر کے نیوی کی جیت کی رہی سہی امید بھی توڑ دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔