اکتوبرکے دوران ملک میں بینک ڈپازٹس میں 2.752 کھرب اضافہ

ارشاد انصاری  اتوار 15 نومبر 2020
وجہ کورونا، سفری اخراجات میں کمی پر عوام نے بچتیں بینکوں میں جمع کرائیں، حکام۔ فوٹو: فائل

وجہ کورونا، سفری اخراجات میں کمی پر عوام نے بچتیں بینکوں میں جمع کرائیں، حکام۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: اسٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ اکتوبرکے دوران ملک میں بینک ڈپازٹس میں20 فیصد اضافہ ہوا۔

مرکزی بینک کی رپورٹ کے مطابق اکتوبر2020کے اختتام پر بینک ڈپازٹس کا حجم 16.664کھرب روپے تک پہنچ گیا جبکہ اکتوبر 2019 کے خاتمہ پر یہ حجم 13.912 کھرب روپے ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس طرح ایک سال کے دوران بینکنگ سیکٹر کے ڈپازٹس میں 2.752 کھرب روپے یعنی20فیصد اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔

حکام کاکہنا ہے کہ اضافہ کی بنیادی وجہ کورونا وبا ہے۔ سفری اخراجات میں کمی کی وجہ سے لوگوں نے اپنی بچتیں بینکوں میں جمع کرائی ہیں۔2020کے پہلے 10 ماہ کے دوران بینکوں کے ڈپازٹس میں14فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ13سال کے مقابلہ میں سب سے زیادہ اضافہ ہے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے لوگ اندرون ملک اور بیرون ملک سفر کر سکے نہ ہی حج و عمرہ کیلیے جا سکے جس کی وجہ سے شاپنگ اور ہوٹلنگ کے اخراجات بھی کم ہوئے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔