پریزیڈنٹ ٹرافی کرکٹ، واپڈا نے حبیب بینک پر بجلی گرا دی

اسپورٹس رپورٹرز / اسپورٹس رپورٹر  منگل 24 دسمبر 2013
یونائیٹڈ بینک نے کے آر ایل کو 6 وکٹ سے زیر کرلیا، سوئی ناردرن گیس کیخلاف فالو آن کا شکار نیشنل بینک کی ہار کے آثار نمایاں ہوگئے۔فوٹو:فائل

یونائیٹڈ بینک نے کے آر ایل کو 6 وکٹ سے زیر کرلیا، سوئی ناردرن گیس کیخلاف فالو آن کا شکار نیشنل بینک کی ہار کے آثار نمایاں ہوگئے۔فوٹو:فائل

لاہور: پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں واپڈا نے حبیب بینک پر بجلی گرا دی، پہلی اننگز میں 72 رنز کے خسارے میں جانے والی بینک ٹیم تیسرے روز صرف 131 پر ڈھیر ہوکر 10 وکٹ سے مات کھاگئی، محمد نعیم نے 4 شکار کیے۔

پی ٹی وی نے اسٹیٹ بینک کا کھاتہ بندکردیا، ناکام ٹیم دوسری باری میں 112 تک محدود رہتے ہوئے5 وکٹ کی شکست سے دوچار ہوئی، یونائیٹڈ بینک نے کے آر ایل کو 6 وکٹ سے زیر کرلیا، سوئی ناردرن گیس کیخلاف فالو آن کا شکار نیشنل بینک کی ہار کے آثار نمایاں ہوگئے۔ پی آئی اے کو زرعی بینک کے خلاف فتح کیلیے 6 وکٹیں جلد حاصل کرنا ہوں گی، قائد اعظم ٹرافی میں پشاور نے بہاولپور کو اننگز اور 140 رنز سے شکست دیدی، ناکام ٹیم دوسری اننگز میں 83 پر پویلین لوٹ گئی۔ لاہور شالیمار نے حیدر آباد کے خلاف جیت کا امکان روشن کر لیا۔ اسلام آباد کے عماد وسیم نے تباہی پھیلاتے ہوئے 81 رنز کے عوض ملتان کے 8 شکار کیے، فیصل آباد کے مقابل کراچی وائٹس 191 پر ڈھیر ہوکر فالو آن کا شکار، دوسری اننگز میں بہتر بیٹنگ کرتے ہوئے 4 وکٹ پر 167 رنز بنالیے۔تفصیلات کے مطابق پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں واپڈا نے حبیب بینک پر بجلی گراتے ہوئے 10 وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔ پہلی اننگز میں 72 رنز کے خسارے میں جانے والی بینک ٹیم تیسرے روز صرف 131 پر ڈھیر ہو گئی، آفتاب عالم 30، اسلم قریشی 22 رنز کی مزاحمت کر پائے، محمد نعیم 4، اظہر عطاری 3، محمد حفیظ 2 وکٹوں کے ساتھ کامیاب بولر رہے۔ واپڈا نے فتح کیلیے درکار 60 رنز بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کر لیے، محمد ایوب 37‘ علی رفیق 31 کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔

پی ٹی وی نے اسٹیٹ بینک کا کھاتہ بند کردیا، پہلی اننگز میں 178 پر ڈھیر ہونے والی ناکام ٹیم نے پی ٹی وی کو 158 تک محدود کر لیا تھا تاہم گزشتہ روز دوسری باری میں 112 رنز پر ہی سمٹ گئی، پی ٹی وی نے 133 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، نواز احمد 52، ذیشان مشتاق 36رنز کے ساتھ نمایاں رہے، تابش خان 3وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے، یونائیٹڈ بینک نے کے آر ایل کی مزاحمت ختم ہونے پر 6 وکٹ سے فتح حاصل کرلی، پہلی اننگز میں 76 رنز پر ڈھیر ہونے والی ناکام ٹیم نے دوسری میں قدرے بہتر کھیل پیش کرتے ہوئے 234 رنز جوڑے، عثمان صلاح الدین اور علی خان 65،65 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے‘ کاشف بھٹی 5، عاطف مقبول 4 وکٹیں لے اڑے۔ یو بی ایل نے 158 رنز کا ہدف حاصل کرنے سے قبل 4 وکٹوں کا نقصان اٹھایا، سعید بن ناصر 42 پر ناقابل شکست رہے، حافظ زوہیب نے 40 رنز بنائے، یاسر علی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ سوئی ناردرن گیس کے خلاف فالو آن کا شکار نیشنل بینک نے پہلی اننگز میں 76 پر 6 وکٹیں گنوانے کے بعد پیر کو بیٹنگ کا آغاز کیا، حماد اعظم 87، وہاب ریاض 31 رنز بنا کر ٹیم کا ٹوٹل 204 تک لے گئے۔

اسد علی 5، سمیع اللہ خان 4 وکٹوں کا بٹوارا کرنے میں کامیاب ہوئے، فالو آن کے بعد فواد عالم نے 48 کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت کی، دیگر کی ہمت جلد جواب دے گئی، ٹیم کو خسارے سے نکلنے کیلیے 58 رنز کی ضرورت جبکہ 6 وکٹیں باقی ہیں۔ پی آئی اے کو زرعی بینک کے خلاف فتح کیلئے 6 وکٹیں درکار ہیں، میچ کے تیسرے روز سرفراز احمد 165‘ طاہر خان 141 کے مابین ساتویں وکٹ کیلیے 294 رنز کی شراکت نے ٹیم کا مجموعہ 502 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، عمران خان 5، محمد خلیل 3 وکٹیں لینے کے باوجود پی آئی اے کو رنز کا انبار لگانے سے نہ روک سکے، زرعی بینک کے عمران نذیر 144 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 4 وکٹ پر 262 تک لے جانے میں کامیاب ہوئے، 71 رنز کا خسارہ اب بھی برقرار ہے، پی آئی اے کو ان کی قیمتی وکٹ کے ساتھ مزید 5 بیٹسمینوں کا شکار کرنا ہو گا۔قائد اعظم ٹرافی ٹورنامنٹ میں پشاور نے بہاولپور کو اننگز اور 140 رنز سے شکست دیدی، پہلی اننگز میں 89 پر ڈھیر ہونے والی ناکام ٹیم نے دوسری میں 76 پر 6 وکٹیں گنوا دی تھیں، آخری 4 بیٹسمین صرف 7 رنز کا اضافہ کر پائے۔

پوری ٹیم 83 پر پویلین لوٹ گئی، تاج ولی 4، جبران خان 3، اعظم خان نے 2 کو میدان بدر کیا، پشاور نے واحد اننگز میں 312 رنز بنائے تھے۔ لاہور راوی نے ایبٹ آباد کو 398 رنز کے جواب میں 2 وکٹ پر 140 رنز سے آغاز کرتے ہوئے 416 کا ٹوٹل اسکور بورڈ پر سجا دیا ہے جبکہ 3 وکٹیں ابھی باقی ہیں، جہانگیر مرزا 102، وہاب ڈار 95، کامران خلیل 50 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے،عزیر الرحمن نے 4، وقار اورکزئی نے 2 کھلاڑی آئوٹ کیے۔ لاہور شالیمار نے حیدر آباد کے خلاف نامکمل اننگز کا 343 پر اختتام کرکے 121 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد حیدر آباد کے 8 بیٹسمین صرف 169 پر پویلین بھیج کر جیت کا امکان روشن کر لیا ہے، فیصل اطہر 104 کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر دیوار بنے ہوئے ہیں‘ محمد بلاول اور محمد سعید نے 4,4 شکار کئے۔ اسلام آباد کے مقابل ملتان ریجن نے کھیل کے تیسرے روز آخری 6 وکٹیں محض 36 رنز کے اضافے پر گنوا دیں۔

کاشف نوید اپنے اسکور میں صرف ایک رن کا اضافہ کرکے آئوٹ ہوئے تو وکٹوں کی لائن لگ گئی‘ اننگز 296 تک محدود رہی۔ عبدالرحمن 60 رنز کی مزاحمت کر پائے، عماد وسیم نے تباہی پھیلاتے ہوئے 81 رنز کے عوض 8 شکار کیے، 2 وکٹیں آفاق رحیم کے حصے میں آئیں۔ اسلام آباد نے دوسری اننگز میں 7 وکٹ پر 234 رنز بنا کر برتری 175 کر لی ہے، علی سرفراز 90، سید ذیشان 50 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، حاذق حبیب اللہ نے 3 وکٹیں اڑائیں۔ فیصل آباد کے خلاف کراچی وائٹس 191 پر ڈھیر ہونے کے بعد فالو آن کا شکار ہوئی، ٹیم نے دوسری اننگز میں بہتر بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹ پر 167 رنز بنالیے ہیں۔ اننگز کی شکست سے بچنے کیلیے صرف ایک رن درکار ہے۔ سعد علی 39 رنز کے ساتھ چوتھے روز کھیل کا آغاز کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔