نیشنل اسٹیڈیم میں سخت ترین سیکیورٹی حصار قائم

زبیر نذیر خان  اتوار 15 نومبر 2020
اذان مغرب کے دوران بھی موسیقی نہ روکنے پرآفریدی ڈی جے پر برس پڑے۔ فوٹو:فائل

اذان مغرب کے دوران بھی موسیقی نہ روکنے پرآفریدی ڈی جے پر برس پڑے۔ فوٹو:فائل

کراچی: پی ایس ایل5پلے آف میچز کے موقع پر سخت ترین سیکیورٹی حصار قائم رہا۔

پی ایس ایل 5کے پلے آف میچز کا گذشتہ روز کراچی میں آغاز ہوا، اس موقع پر نیشنل اسٹیڈیم میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے، پولیس کے 5ہزار سے زائد افسران اور اہلکاروں کو تعینات کیا گیا، ایس ایس یو کے ایک ہزار سے زائد کمانڈوز بھی ذمہ داریاں نبھانے والوں میں شامل تھے۔

قانون نافذ کرنے والے ادارے کا اسپیشل یونٹ خصوصی طور پر مستعد تھا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کا عملہ بھی کسی ہنگامی صورتحال کیلیے تیار نظر آیا، اسٹیڈیم میں داخل ہونے والے ہر فرد اور سامان کی چیکنگ ہوئی، تاریکی پھیلنے کے بعد مصنوعی طریقے سے ٹارچ کی روشنیاں پیدا کرنے کا سماں بنایا گیا۔

کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اسٹیڈیم میں فائر بریگیڈ اور ایمبولینس عملے کے ساتھ موجود تھی، حیران کن طور پر اسٹیڈیم میں داخل ہونے والوں کا درجہ حرارت چیک کرنے کا کوئی اہتمام نہیں کیا گیا تھا۔

اسٹیڈیم کی مرکزی عمارت میں سندھ حکومت محکمہ صحت کے تحت قائم کیے جانے والے عارضی اسپتال میں عملہ پوری طرح سے مستعد نظر آیا، میچ کے دوران متعدد افراد نے اسپتال سے رجوع کیا۔میچ کے دوران مغرب کی اذان ہونے پر بھی میوزک کا سلسلہ جاری رکھنے پر شاہد خان آفریدی برہم ہوگئے، انھوں نے ڈی جی کو سخت سست کہا جس کے بعد موسیقی روک دی گئی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔