کورونا کا شکار عامر لیاقت کو طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کردیا گیا

ویب ڈیسک  پير 16 نومبر 2020
میں کورونا سے لڑ نہیں رہا ہوں بلکہ پناہ مانگ رہا ہوں، عامر لیاقت حسین۔ فوٹو: فائل

میں کورونا سے لڑ نہیں رہا ہوں بلکہ پناہ مانگ رہا ہوں، عامر لیاقت حسین۔ فوٹو: فائل

 کراچی: کورونا وائرس میں مبتلا ٹی وی میزبان اور قومی اسمبلی کے رکن عامر لیاقت حسین کو طبیعت بگڑنے کے باعث اسپتال منتقل کردیا گیا۔ 

عامر لیاقت حسین نے کچھ روز قبل اپنے اور اپنی اہلیہ کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم دونوں کووڈ 19 کے حملے کی زد میں ہیں اور گھریلو نسخوں سے اس مرض کا علاج کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

دنیا کو متاثر کرنے والی اس مہلک بیماری کی وجہ سے عامر لیاقت کی طبیعت مزید خراب ہو گئی ہے جس کے باعث انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

عامر لیاقت حسین نے خود ٹوئٹر پر اپنی دو تصویر شیئر کیں جس میں وہ بیمار اور کمزور دکھائی دے رہے ہیں۔ یہاں تک کہ انہیں سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے مصنوعی سانس کی نالی بھی لگائی ہوئی ہے۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے شعر لکھا اور کہا کہ میں ہاتھ جوڑ کر دعاؤں کی گزارش کرتا ہوں کیونکہ میں کورونا سے لڑ نہیں رہا ہوں بلکہ پناہ مانگ رہا ہوں۔

عامر لیاقات کی صحت پر اُن کی اہلیہ نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ گزشتہ ہفتے کروائے جانے والے ٹیسٹ ہم دونوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا لیکن اب عامر لیاقات کی طبیعت مزید بگڑنے  کے باعث اُن کا سینہ شدید متاثر ہوا ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: عامر لیاقت اور طوبیٰ عامر کورونا وائرس کا شکار

طوبیٰ عامر نے یہ بھی لکھا کہ آج میری سالگرہ ہے لیکن مناسب نہیں ہے کہ ایسے وقت میں جب وہ شدید بیمار اور اسپتال میں داخل ہوں تو سالگرہ منائی جائے۔ یہ وقت ہمارے لئے مشکل ترین ہے اور انہیں اس حالت میں مجھ سے دیکھا نہیں جا رہا اس لئے برائے مہربانی ہم لوگوں کے لئے دعا کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔