ٹنڈو الہیار میں پاگل کتے نے 12 سالہ بچے کی جان لے لی

نامہ نگار  پير 16 نومبر 2020
والدین زخمی بچے کو لیے مارے مارے پھرتے رہے، ویکسین نہ مل سکی، کمشنر کا نوٹس۔ فوٹو: فائل

والدین زخمی بچے کو لیے مارے مارے پھرتے رہے، ویکسین نہ مل سکی، کمشنر کا نوٹس۔ فوٹو: فائل

ٹنڈوالہیار: ویکسین نہ ملنے پر پاگل کتے کے کاٹنے سے زخمی 12سالہ بچہ جان سے ہاتھ دھو بیٹھا جب کہ بچے کی ہلاکت کا کمشنر حیدرآباد نے نوٹس لے لیا۔

ٹنڈوالہیار میں ٹنڈوسومرو کیقریب گاؤں مانو پٹیل کے رہائشی محنت کش مرحوم پوپٹ کے 12 سالہ بچے کو پاگل کتے نے کاٹ لیا۔ اہل خانہ زخمی بچے کو مقامی اسپتال میں لے کر گئے مگر ویکسین دستیاب نہ ہونے پر بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہارگیا۔ بچے کی موت کا کمشنر حیدرآباد محمد عباس نے نوٹس لے لیا۔

باخبر ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کمشنر نے ڈی جی ہیلتھ اور اے ڈی سی ون ٹنڈوالہیار سے رپورٹ طلب کر لی کہ اسپتال میں ویکسین تھی یا نہیں۔ کمشنر نے حکم دیا کہ علاقے کے یوسی سیکریٹری اور ضلعی کونسل کے ذمے دار کو بھی شامل تفتیش کیا جائے اور اسپتال میں ویکسین نے ہونے کی صورت میں کوتاہی برتنے والے محکمہ صحت کے اہلکاروں پر مقدمہ درج کیا جائے۔

واضح رہے ضلع بھر میں کتا مار مہم کا شہریوں نے کئی مرتبہ مطالبہ کیا لیکن انتظامیہ کے کان پر جوں تک نہ رینگی جس کی وجہ سے یہ دلخراش واقعہ رونما ہوا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔