کشمور میں زیادتی کا واقعہ دل دہلا دینے والا تھا، گورنر سندھ

اسٹاف رپورٹر  پير 16 نومبر 2020
بچی کی والدہ کو5 لاکھ دیے ہیں،نوکری کاذمہ وفاقی وزیرعلی زیدی نے لیا ہے۔ فوٹو: این این آئی

بچی کی والدہ کو5 لاکھ دیے ہیں،نوکری کاذمہ وفاقی وزیرعلی زیدی نے لیا ہے۔ فوٹو: این این آئی

کراچی: گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ سانحہ کشمور دل دہلادینے والاواقعہ ہے۔

گورنر سندھ نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ میں سانحہ کشمور کا شکار بچی کی عیادت کی اور بچی کی والدہ سے ملاقات کرکے وزیراعظم پاکستان کا پیغام پہنچایا اس موقع پر گورنر سندھ کی اہلیہ ، رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی، اراکین صوبائی اسمبلی خرم شیر زمان، جمال صدیقی، شہزاد قریشی اور محمود مولوی، عدنان اسماعیل بھی موجود تھے۔

گورنرسندھ نے بچی کی والدہ سے کہا کہ اس دلخراش واقعے پر وزیراعظم پاکستان کو گہرا دکھ اور افسوس ہے، وزیراعظم نے واقعے کے ذمے داروں کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلیے سخت ہدایات جاری کی ہیں اگر بچی کا علاج بیرون ملک کرنا پڑے گا تو اس کیلیے بھی حکومت ہر ممکن مدد کرے گی، این آئی سی ایچ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر جمال رضا نے گورنرسندھ کو بچی کے علاج کے بارے میں بریفنگ دی۔

گورنرسندھ نے کہا کہ سانحہ کشمور دل دہلادینے والاواقعہ ہے، دلیر پولیس افسر اے ایس آئی محمد بخش نے جس جرات کا مظاہرہ کیا وہ قابل تقلید ہے محمد بخش کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز ا جائے گا اور وزیراعظم عمران خان بہت جلد محمد بخش کو وزیراعظم ہاؤس بلاکر ان سے ملاقات کریں گے، سندھ پولیس بھی اس ایکشن پر مبارک باد کی مستحق ہے مجھے امید ہے کہ گرفتار شخص کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس بچی کی والدہ کو 5 لاکھ روپے دیے ہیں تاکہ ان کی مالی مدد ہو سکے جبکہ بچی کی کفالت ، تعلیم اور اس کی والدہ کو نوکری دینے کا ذمہ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ علی زیدی نے لیا ہے ۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔