ٹیسٹ چیمپئن شپ؛ کورونا سے متاثرہ مقابلوں کا حل پیش

اسپورٹس ڈیسک  پير 16 نومبر 2020
رواں ہفتے چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی میں باقاعدہ منظوری متوقع،کیویز کوفائدہ۔ فوٹو: فائل

رواں ہفتے چیف ایگزیکٹیوز کمیٹی میں باقاعدہ منظوری متوقع،کیویز کوفائدہ۔ فوٹو: فائل

کراچی: ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنلسٹس کا فیصلہ پوائنٹس کے تناسب پر ہوگا، آئی سی سی کرکٹ کمیٹی نے کورونا وائرس سے متاثرہ مقابلوں کا حل پیش کردیا۔

ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل آئندہ برس جون میں انگلینڈ میں شیڈول ہے، رواں دورانیے کیلیے فائنلسٹ ٹیموں کا تعین مارچ تک ہونا تھا مگر کورونا وائرس کی وجہ سے شیڈول درہم برہم ہوگیا، کئی سیریز ملتوی ہوئیں، خاص طور پر بنگلادیش کافی متاثر ہوا جس کی 4 سیریز التوا کا شکارہوچکی ہیں۔ اس کے باوجود آئی سی سی مقررہ وقت پر ہی ادھوری ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل منعقد کرنے کی خواہاں ہے، متاثر ہونے والے مقابلوں کے حوالے سے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا گیا۔

ایک رپورٹ کے مطابق کرکٹ کمیٹی میں ملتوی میچز کو ڈرا قرار دینے کے آپشن پر غور ہوا مگراسے ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے پوائنٹس کے تناسب پر چیمپئن شپ فائنلسٹ ٹیموں کے تعین پر اتفاق کر لیا گیا، رواں ہفتے آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹیوز میٹنگ میں منظوری دی جاسکتی ہے۔

اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر بھارت ٹاپ پر موجود ہے مگر اس کی اگلی 2 سیریز آسٹریلیا اور انگلینڈ سے شیڈول ہیں، دونوں سے اسے بالترتیب 4 اور 5 ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں، جس کے نتائج پوزیشن کو متاثر کرسکتے ہیں،پھر بھی تناسب کے اعتبار سے فی الحال بھارتی ٹیم ہی فائنل کھیلنے کیلیے فیورٹ نظر آتی ہے۔

دوسری جانب اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم اس ہوم سیزن میں ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کرلے تو پوائنٹس کا تناسب 70 فیصد ہوجائے گا، جس سے ٹاپ2 میں سفر کے اختتام اور فائنل کھیلنے کا امکان روشن ہو سکتا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔