معروف ٹی وی اداکار شفیع محمد شاہ کو مداحوں سے بچھڑے 13 برس بیت گئے

ویب ڈیسک  منگل 17 نومبر 2020
شفیع محمد شاہ کو فنی خدمات کے اعتراف کے طور پر حکومت پاکستان کی جانب سے  تمغۂ حسن کارکردگی کے اعزاز سے نوازاگیا۔ فوٹوفائل

شفیع محمد شاہ کو فنی خدمات کے اعتراف کے طور پر حکومت پاکستان کی جانب سے تمغۂ حسن کارکردگی کے اعزاز سے نوازاگیا۔ فوٹوفائل

کراچی:  اداکاری کو نئی جہت سے آگاہ کرنے والے معروف ٹی وی اداکار شفیع محمد شاہ کو مداحوں سے بچھڑے13 برس بیت گئے۔

1949 میں سندھ کے شہر کنڈیارو میں پیدا ہونے والے شفیع محمد شاہ نے بین الاقوامی تعلقات میں ایم اے کے علاوہ قانون کی تعلیم بھی حاصل کی تھی۔ انہوں نے 60 کی دہائی میں اپنے فنی سفر کا آغاز حیدر آباد ریڈیو سے کیا۔

اپنے وقت میں پی ٹی وی کے معروف پروڈیوسر اور ہدایت کار شہزاد خلیل نے ’’اڑتا آسمان‘‘ نامی ڈرامے کے ذریعے شفیع محمد شاہ کو چھوٹی اسکرین پر متعارف کرایا۔ تاہم ’’اڑتا آسمان‘‘ ان کی پہلی ہٹ سیریل تھی جس کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور اپنی جاندار اداکاری کے ذریعے ٹی وی کے سپر اسٹار کا درجہ حاصل کرلیا۔

30 برس کے فنی سفر کے دوران شفیع محمد شاہ نے 100 سے زائد اردو اور سندھی ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ان کے مقبول ڈراموں میں ’آنچ‘، ’چاند گرہن‘،’زینت‘، ’دائرے‘، ’دیواریں‘، ’جنگل‘، ’ماروی‘،’تپش‘ اور’ لیلیٰ مجنوں‘ شامل ہیں۔

فنی خدمات کے اعتراف کے طور پر حکومت پاکستان کی جانب سے انہیں تمغۂ حسن کارکردگی کے اعزاز سے نوازاگیا۔ 2006 میں انہیں جگر کا عارضہ لاحق ہوا جس نے ان کی جان لے لی اور 2007 میں اس جہان فانی سے کوچ کرگئے۔

شفیع محمد شاہ کو مداحوں سے بچھڑے 13 برس بیت گئے ہیں لیکن اداکاری کو نئی جہت دینے والےاس اداکار کو پاکستان ٹی وی کے درخشاں ستارے کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔